مشکل کی ہر گھڑی میں چین نے پاکستان کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا،شیخ انصر عزیز

اسلام آباد(وقائع نگار)میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ مشکل کی ہر گھڑی چین نے پاکستان سے دوستی کا حق ادا کیا۔کرونا متاثرین کیلئے پاک چائنا کوری ڈور فرینڈشپ کی جانب سے عطیہ میں فراہم کئے گئے راشن بیگز مستحقین میں فوری تقسیم کئے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاک چائنہ کوری ڈور فرینڈشپ پروگرام کی جانب سے کرونا وائرس سے متاثرہ یونین کونسلوں کیلئے راشن کے200بیگز کی وصولی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مذکورہ پروگرام کے ڈائریکٹر مجیب عالم، ڈائریکٹر مسٹر زینگ ڈو جین،ڈپٹی میئر اسلام آبادسید ذیشان نقوی میڈیا کوآرڈینیٹر ایم سی آئی محسن شیرازی،ڈائریکٹر ڈی ایم اے ظفر اقبال،سمیت دیگر نے شرکت کی۔اس موقع پر مئیر شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ ہم انتہائی نامساعد حالات میں مخیر حضرات اور اداروں کی مددسے شہریوں کی خدمت کر رہے ہیں ،جراثیم کش اسپرے سے لے کر کرونا زدہ علاقوں میں پینے کے پا نی کی فراہمی، صفائی ستھرائی، گھر گھر ضروری اشیا کی فراہمی سمت بہت سے اہم اقدامات کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں چین کی جانب سے راشن کی صورت میں دی گئی امداد پرمیٹروپولیٹن کارپوریشن ان کی مشکور ہے۔

ای پیپر دی نیشن