اسلام آباد/ راولپنڈی/ دینہ/ گوجرانوالہ /پنڈی بھٹیاں ( خصوصی نمائندہ+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت نیوز+نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار ) پاکستان میںکیسز میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور 4 مئی کو مزید 1318 کیسز کی تصدیق کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 21 ہزار 452 ہوگئی جبکہ اب تک مزید29افراد جاں بحق، تعداد 491 ہو چکی ہے ۔ وبا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا، 5635 ہو گئے۔ سندھ 7 ، خیبر پی کے5 اور پنجاب میں 15 ، جبکہ بلوچستان میں 2 ہلاکتیں رپورٹ۔ صوبہ سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 417 کیسز اور 7 اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کورونا وائرس کے کیسز کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں وائرس کی تشخیص کے لیے 2 ہزار 571 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 417 کے نتائج مثبت آنے کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 7 ہزار 882 ہوگئی۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 7 افراد کے انتقال کے بعد صوبے میں وائرس سے ہونے والے اموات کی تعداد 137 تک پہنچ گئی۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مزید 74 مریضوں کی صحتیابی کے بعد صوبے میں کورونا وائرس کوشکست دینے والے افراد کی مجموعی تعداد ایک ہزار 629 ہوگئی۔ پنجاب میں آج کورونا وائرس کے مزید 152 کیسز اور 5 اموات سامنے آئی ہیں۔اس حوالے سے ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے بتایا کہ نئے کیسز کی تصدیق کے بعد صوبے میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 7ہزار 646 ہوگئی۔کورونا وائرس کے کیسز کی مزید تفصیل بتاتے ہوئیترجمان نے کہا کہ متاثرین میں 768 افراد زائرین سینٹر، 1926 افراد رائے ونڈ سے منسلک، 4 ہزار 866 عام شہری اور 86 قیدی ہیں۔پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے ترجمان نے بتایا کہ مزید 5 افراد کے انتقال کے بعد صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 126 اموات تک پہنچ گئی جبکہ 25 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 22 کیسز کی تصدیق کی گئی۔اسلام آباد میں کورونا وبا کے مریضوں کی تعداد 393 سے بڑھ کر 415 ہوگئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں مزید 5 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں کورونا سے اموات 185 ہوگئی ہیں۔جاں بحق ہونے والے نئے مریضوں میں سے 3 کی پشاور جبکہ صوابی اور بنوں میں ایک، ایک کی موت واقع ہوئی۔دوسری جانب آزاد کشمیر میں بھی مزید 4 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔نئے کیسز کے بعد آزاد کشمیر میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 67 سے بڑھ کر 71 ہوگئی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں مزید 521 افراد کورونا وائرس سے صحتیاب ہوئے جس کے بعد پاکستان میں مجموعی طور پر صحت یاب افراد کی تعداد 5 ہزار 635 ہو گئی۔ کرونا وائرس کے حوالے سے ملک کی مجموعی صورتحال پر ایک نظر ڈالیں تو اس وقت سندھ اور پنجاب کے کیسز میں زیادہ فرق نہیں ہے، سندھ میں یہ تعداد 7 ہزار 882 جبکہ پنجاب میں 7 ہزار 646 ہے۔ دوسری جانب صوبہ خیبرپختونخوا ملک میں اموات کے حساب سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔خیبرپختونخوا: 185۔سندھ: 137۔پنجاب: 126 ، بلوچستان 21، اسلام آباد 04، گلگت بلتستان میں 3 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ دوسری طرف خیبر پی کے 5‘ آزادکشمیر میں مزید 4 افرادمیں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر ابوظہبی سے آنے والی پرواز کے209 مسافروں مین سے 105 مسافروں میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آگئے۔ پرواز 28 اپریل کو 209 مسافروں کو لے کر اسلام آباد پہنچی تھی۔قرنطینہ کے دوران مسافروں کے سوئپ ٹیسٹ لئے گئے تھے جو این آئی ایچ بھجوائے گئے تھے مسافروں کو فاطمہ جناح یونیورسٹی میں منتقل کیا گیا تھا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق 27مزید ٹیسٹ کا انتظار ہے، دینہ کا کرونا وائرس کے شبہ میں ہسپتال میں داخل نوجوان چل بسا‘ تفصیلات کے مطابق دینہ مین بازار برتنوں والی گلی کا رہائشی نوجوان عامر ولد ابراہیم جسے چند روز قبل کرونا وائرس کے شبہ میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پنڈی بھٹیاں محلہ گجر پورہ کی خاتون کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ خاتون کو طبعیت خراب ہونے پر سول ہسپتال لایا گیا تھا جہاں وہ وفات پاگئی۔ شک پڑنے پر خاتون کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آگیا۔ خاتون کو ہسپتال سے ہی نانوانہ پنج پلہ آج ہی کسی وقت. تدفین کر دی جائے گی ورثا کو بتا دیا گیا ہے۔گوجرانوالہ میں کرونا کی شدت برقرار ہے ایک ہی روز میں سول ہسپتال میں زیر علاج کرونا وائرس کے تین جبکہ سوشل سیکیورٹی ہسپتال میں ایک مریضہ سمیت چار مریض جاں بحق ہو گئے ہیں، ان میں تحصیلدار سٹی دفتر کا نائب قاصد50سالہ امانت علی ولد عبدالغنی سکنہ ڈی سی سٹاف کالونی نزد کمبوہ کالونی، محمد سرور ولد نور دین سکنہ زاہد کالونی گلی نمبر14اور عبدالکریم ولد محمد سرور سکنہ لیاقت روڈ گلی نمبر7نمبر 6 محلہ مسلم ٹائون شامل ہیں۔ کارپوریشن کے عملے نے انکے آبائی قبرستانوں میںسپرد خاک کر دیا جبکہ سوشل سیکورٹی ہسپتال گوجرانوالہ میں کرونا وائرس کی زیر علاج مریضہ بتول بی بی زوجہ رفاقت علی سکنہ اسلام پورہ گلی نمبر ایک دم توڑ گئی۔
کرونا
بیجنگ‘ نیویارک (این این آئی، آن لائن‘ شہنوا) دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 36 لاکھ 20ہزار522 ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں اڑھائی لاکھ سے زائد (250789) ہوگئیں۔کرونا وائرس کے دنیا بھر میں 21 لاکھ 63 ہزار 948 مریض اب بھی ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے بیشتر کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 11 لاکھ78989مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکہ سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کرونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی تاحال دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ مزید, 523 ہلاک، تعداد 69121 ہو گئی۔ روس میں مزید ساڑھے10 ہزار، برطانیہ میں 4 ہزار 300سے زائد نئے مریض سامنے آ گئے، برازیل میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی، فرانس، جرمنی، ایران، بلجیم، نیدرلینڈز اور سوئٹزر لینڈ میں نئے مریضوں کی تعداد ایک ہزار سے بھی کم رہ گئی ہے۔ جرمنی اپنی 3 فیصد اور اٹلی ساڑھے 3 فیصد آبادی کا کرونا ٹیسٹ کر چکا ہے۔ سعودی عرب میں 27 ہزار سے زائد مریض، بھارت میں کرونا مریضوں کی تعداد ساڑھے 42 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ سپین میں بھی گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 164 افراد کی اموات کے بعد اب تک ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 25 ہزار 200 سے زائد ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 47 ہزار سے بڑھ گئی۔ اٹلی میں مزید195 افراد کی جان لے لی جہاں اب تک ہونے والی اموات 28 ہزار 884 ہو گئیں۔ اٹلی میں متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 10 ہزار سے زائد ہے۔فرانس میں بھی وائرس نے مزید 135 افراد کی جان لے لی۔ فرانس میں مرنے والوں کی تعداد 24 ہزار 800 سے زائد ہو گئی اور متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 68 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ جرمنی میں بھی اموات کا سلسلہ جاری ہے اب تک ہونے والی اموات کی تعداد 6 ہزار 840 سے بڑھ گئی جبکہ کرونا کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 65 ہزار سے تجاوز کر گئی ۔ ترکی میں بھی کرونا کے وار جاری ہیں، مزید 61 افراد موت کی آغوش میں چلے گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 3 ہزار 3 سو سے تجاوز کر گئی۔ایران میں کرونا نے مزید 47 افراد کی جان لے لی جس کے بعد ایران میں کرونا سے اب تک 97 ہزار424 افراد متاثر ہوئے اور ہلاکتوں کی تعداد 6 ہزار 200 سے بڑھ گئی۔برطانیہ 288 ، کینیڈا میں 160ہلاکتیں۔ وائرس سے یورپ میں سب سے زیادہ متاثر ملک اٹلی میں عائد لاک ڈائون میں نرمی کردی گئی۔ فلپائن کے صدر روڈ ریگو دوتیرتے نے نوول کرونا وائرس سے نمٹنے کی انتظامیہ کی کوششوں کے لئے درآمدی خام تیل اور پیٹرولیم کی ریفائنڈ مصنوعات پر 10 فیصد اضافی محصول عائد کردیاہے۔ملائیشیا نے نوول کرونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد ہفتے کے آخر میں تھوڑی بہت تیزی کے بعد کم ہونے پر پیر سے اپنی معاشی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دیں۔ وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل نورہشام عبداللہ نے ایک پریس پریفنگ کے دوران کہا کہ 55 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں کل کیسز 6 ہزار 353 ہو گئے ہیں۔کل 105اموات کو چھوڑ کر کسی نئی ہلاکت کو اطلاع نہیں ملی۔ سپین نے 2لاکھ 18 ہزار سے زیادہ افراد کے نوول کروناوائرس کے مرض میں مبتلا ہونے اور 25 ہزار سے زیادہ ہلاکتوں کے بعد معمول کی نئی زندگی کی جانب واپسی کے چار مرحلے منصوبے کے پہلے مرحلے میں پیر کو سخت ترین لاک ڈان کو اٹھانا شروع کیا ہے۔چار مراحلے میں سے پہلا مرحلہ یا مرحلہ زیرو تیاری کا ایک مرحلہ ہے ، جس میں دن میں ایک گھنٹے کے لئے بچوں کوباہر نکلنے اور بڑوں کو کچھ اقسام کی ورزش اور پیشہ ور کھلاڑیوں کو بھی انفرادی تربیت کے انعقاد کی اجازت دی گئی ہے۔مزید برآں حجاموں کو ایسے صارفین سے ملاقات کی اجازت دی گئی ہے جنہوں نے پہلے سے وقت لے رکھا ہے اور ریستورانز کو ٹیک آٹ اور ڈلیوی کی خدمات کی اجازت دی گئی ہے۔چین کے وسطی صوبہ ہوبے میں اتوار کے روز بھی نوول کروناوائرس کا کوئی نیا تصدیق شدہ کیس رپورٹ نہیں ہوا، یہ بات صوبائی ہیلتھ کمیشن نے پیر کے روز بتائی۔اس سے پتا چلتا ہے کہ 4 اپریل سے لے کر اب تک مسلسل 30 ویں روز بھی نوول کروناوائرس کا کوئی نیا تصدیق شدہ کیس رپورٹ نہیں ہوا۔دریں اثنا ہوبے میں ووہان سے باہر کے علاقوں میں مسلسل 60 دنوں سے نوول کرونا وائرس کا کوئی نیا تصدیق شدہ کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باوجود 4 مئی سے لاک ڈاؤن کو نرم کرتے ہوئے محدود پیمانے پر ٹرین اور بسز بھی چلانے کی اجازت دے دی گئی۔بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور 4 مئی کی دوپہر تک وہاں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 43 ہزار کے قریب جا پہنچی تھی جب کہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد بھی بڑھ کر 1400 تک جا پہنچی تھی۔یکم مئی کو حکومت نے لاک ڈاؤن میں توسیع کا اعلان کرنے کے ساتھ ہی 4 مئی سے کچھ نرمی کا اعلان بھی کیا تھا اور پھر 4 مئی سے دارالحکومت نئی دہلی سمیت ملک کی تقریبا تمام ریاستوں میں لاک ڈاؤن کو نرم کردیا گیا۔ نئی دہلی، ممبئی، پونے، بنگلورو اور چندی گڑھ سمیت کئی شہروں میں 4 مئی کو کئی غیر اہم کاروبار بھی کھول دیے گئے مگر عوام کی جانب سے سماجی فاصلے کی ہدایات پر عمل نہ کیے جانے پر پولیس ایکشن میں آئی اور درجنوں افراد کو گرفتار کرنے سمیت دکانوں کو بھی بند کروادیا۔ کئی شہروں میں پولیس مجمع کو ختم کروانے میں ناکام بھی دکھائی دی تاہم متعدد شہروں سے پولیس نے درجنوں افراد کو گرفتار کرکے دکانوں کو بھی بند کروادیا۔
کرونا