کرونا پر سیاست المیہ، اپوزیشن نے عوام کو تقسیم کرنے کی کوشش کی: عثمان بزدار

May 05, 2020

لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدا رنے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا کرونا پر سیاست کرنا المیہ ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں نے اہم ترین قومی مسئلے پر سیاست چمکانے کی ناکام کوشش کی۔ پاکستانی قوم منفی سیاست کرنے والوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ اپوزیشن رہنما ذہن نشین کر لیں کہ عوام کی خدمت کھوکھلے نعرو ں سے نہیں ہوتی۔ دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے ان کے ساتھ کھڑا ہونا پڑتا ہے۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت نے کرونا وباء میں عوام کوتنہا نہیں چھوڑا۔ اپوزیشن رہنما مشکل کی گھڑی میں عوام کو اکیلا چھوڑ کر صرف بیان داغنے تک محدود ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہیں اور یہ وقت سیاست سے بالاتر ہو کر قومی مسئلے پر اکٹھا ہونے کا ہے۔ کرونا کے باعث دنیا بدل گئی لیکن بدقسمتی سے پاکستانی اپوزیشن کی منفی سیاست نہیں بدلی۔ آزمائش کی گھڑی میں اپوزیشن کی جانب سے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش افسوسناک ہے۔ اپوزیشن جماعتیں کرونا وباء کے لئے کچھ نہیں کر رہی، صرف زبانی جمع خرچ کر رہی ہیں۔ اپوزیشن نے مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑا ہونے کی بجائے انہیں تقسیم کرنے کی کوشش کی۔ اپوزیشن کا موجودہ حالات میں بھی منفی کردار قابل مذمت ہے۔ اپوزیشن کے پاس وباء سے نمٹنے کا کوئی پروگرام ہے نہ ایجنڈا۔ اہم قومی مسئلے پر اپوزیشن کی جانب سے سیاست ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔ اس وقت قوم کو اتحاد، اتفاق اور بھائی چارے کی جتنی ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی۔ عثمان بزدار نے فائر فائٹرز کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ فائر فائٹرز کو عالمی دن پر سلام پیش کرتے ہیں۔ مشکلات میں گھرے افراد کیلئے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے افراد کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ آتشزدگی کے واقعات میں جان و مال کے نقصان کے تناسب کو کم کرنے کیلئے فائر فائٹرز کا کردار اہم ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہوٹلوں میں قرنظینہ مسافروں کی جانب سے غیرمعیاری اور مہنگے داموں کھانے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر لاہور ڈویژن اور پنجاب فوڈ اتھارٹی سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور معاملے کی انکوائری کا حکم دیا ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ہوٹلوں کو قرنطینہ مسافروں کیلئے مہنگے داموں غیر معیاری کھانا فراہم کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔

مزیدخبریں