اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے مہلک کورونا وائرس کا علاج دریافت کر لیا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کورونا وائرس کا علاج دریافت کرنے کا اعلان اسرائیلی وزارتِ دفاع اور اسرائیلی انسٹی ٹیوٹ برائے حیاتیاتی تحقیق نے کیا ہے۔اسرائیلی وزیر دفاع نفتالی بینیٹ نے مذکورہ تحقیقی ادارے کا دورہ کیا جہاں انہیں کورونا علاج دریافت کے سلسلے میں بریفنگ دی گئی۔بریفنگ کے بعد اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے ایک ایسی اینٹی باڈی تیار کر لی ہے جس سے کورونا کے علاج میں کامیابی ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اینٹی باڈی کورونا وائرس کو مریض کے جسم کے اندر ہی تباہ کر سکتی ہے۔واضح رہے کہ فروری میں اسرائیلی وزارت سائنس نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے دنیا بھر میں ہزاروں افراد کی موت کا سبب بننے والے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین تیار کرلی ہے۔اس حوالے سے اسرائیل کے وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی اوفیر اکونیس کا کہنا تھا کہ ہمیں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین تیار کرنے میں کامیابی ملی ہے، آئندہ 3 ماہ میں ویکسین کو انسانوں پر استعمال کے لیے تیار کرلیا جائے گا۔خیال رہے کہ کورونا کے علاج کے لیے دنیا بھر میں کئی کمپنیاں اور ادارے اس وقت کورونا وائرس کی 100 سے زائد ویکسینز پر کام کر رہے ہیں جن میں سے پانچ کی انسانوں کی پر آزمائش بھی شروع کر دی گئی ہے۔