لاہور(سپورٹس رپورٹر) بلے بازوں پر خوف طاری کردینے والی ٹو ڈبلیوز کی جوڑی، ڈریم فاسٹ باولر پیئرز میں سب سے مقبول رہی۔دنیائے کرکٹ کی تاریخ کے اوراق پر ان مٹ نقوش چھوڑنے والی وسیم اکرم اور وقار یونس کی جوڑی توقعات کے عین مطابق ڈریم ٹیسٹ فاسٹ باولرز کی مقبول ترین جوڑی رہی ہے۔ ٹو ڈبلیوز کے نام سے مشہور جوڑی کی حریف کھلاڑیوں پر بیٹھی دھاک آج بھی محسوس کی جاسکتی ہے۔پی سی بی کی جانب سے سابقہ کرکٹرز کی یاد میں سوشل میڈیا پر جاری ایک دلچسپ مہم "ڈریم پیئرز" میں مداحوں اور کرکٹرز کی ایک بڑی تعداد حصہ لے رہی ہے۔ 29 اپریل سے جاری مہم کے تیسرے مرحلے میں مداحوں کو ماضی اور عصرِ حاضر کے ٹیسٹ فاسٹ باولرز میں سے ڈریم پیئرز چننے کا موقع دیا گیا۔ فاسٹ باولرز چننے کے مرحلے میں مجموعی طور پر 10 لاکھ سے زائد سوشل میڈیا صارفین کے ایمپریشنز آئے۔فضل محمود سے شروع ہونے والے فاسٹ باولنگ کے اس سلسلہ میں آخری نام محمد عباس کا تھا۔ مگر یہاں شائقین کرکٹ کے دلوں پر راج کرنے والی وسیم اکرم اور وقاریونس پر مشتمل ماضی کی عظیم جوڑی، اکثریت کی ڈریم پیئر رہی۔ اس فہرست میں دوسرا نمبر وسیم اکرم اور محمد آصف کی تصوراتی جوڑی کو ملا جبکہ ایک ساتھ میدان میں کامیابیاں سمیٹنے والے محمد آصف اور محمد عامر کی جوڑی اس مہم میں تیسری مقبول ترین جوڑی رہی۔وسیم اکرم اور وقار یونس نے مجموعی طور پر 191 ٹیسٹ اور 618 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں مشترکہ طور پر کل 1705 مرتبہ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ دونوں کھلاڑیوں کی ریورس سوئنگ، تباہ کن یارکرز اور تیز رفتار باونسرز نے دنیائے کرکٹ کے بڑے بڑے بلے بازوں کو چکرا کر رکھ دیا تھا۔