لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزرائ، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور تحریک انصاف کے رہنماؤں نے ملاقاتیں کیں، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ترقیاتی منصوبوں اور سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے اڑھائی برس کے دوران عوامی خدمت کی نئی مثال قائم کی ہے۔ ہماری حکومت کا ایک بھی سکینڈل سامنے نہیں آیا جبکہ ماضی میں ہر روز کرپشن کی داستانیں منظر عام پر آتی تھیں۔ وزیراعلی نے کہاکہ الیکٹرانک ووٹنگ کے نظام سے راہ فرار اختیار کرنا دھاندلی میں ملوث ٹولے کے اندر کے خوف کو ظاہر کرتا ہے۔ سابق حکمران الیکشن میں شفافیت کے مخالف ہیں۔ انہیں علم ہے کہ عام انتخابات شفا ف ہوئے تو ان کی رہی سہی سیاست بھی ختم ہو جائے گی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادر دریشک، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے فوڈ جمشید اقبال چیمہ، ارکان قومی اسمبلی راجہ ریاض احمد، حاجی امتیاز احمد، ارکان پنجاب اسمبلی شہاب الدین خان، عادل پرویز، عبدالرحمن خان، ملک اسد کھوکھر، طارق تارڑ، رائے حسن نواز اور طاہر بشیر چیمہ شامل تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی محمد غیاث الدین نے ملاقات کی۔ محمد غیاث الدین نے حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ اراکین اسمبلی میرے ساتھی ہیں، انہیں ساتھ لے کر چلتا ہوں۔ منتخب نمائندوں کی عزت میری عزت ہے۔ وزیراعلیٰ نے پاک بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل کرامت رحمان نیازی کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ سردار عثمان بزدار نے مظفر گڑھ میں 2 بچیوں کو ونی کئے جانے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے۔
الیکٹرانک ووٹنگ سے فرار دھانلی میں ملوث ٹولے کا خوف ظاہر کرتا ہے،عثمان بزدار
May 05, 2021