لاہور (نیوزرپورٹر ) ٹیپوسلطان شہیدکی پوری زندگی جرأت و بیباکی کی علامت ہے۔ انہوںنے اپنے خون سے حریت پسندی کا چراغ روشن رکھا۔ ٹیپو سلطان نے غلامی کی زندگی پر آزادی کی موت کو ترجیح دی۔ ٹیپوسلطان کا یہ قول کہ ’’شیر کی ایک دن کی زندگی گیدڑ کی سو سالہ زندگی سے بہتر ہے‘‘ غیرت مند اور حریت پسندوں کیلئے قیامت تک مشعل راہ بنا رہے گا۔ ان خیالات کا اظہارپروفیسر شرافت علی خان نے شیر میسور ‘عظیم مسلم فاتح سلطان فتح علی ٹیپو شہیدؒ کے یومِ شہادت کے موقع پر خصوصی آن لائن لیکچر کے دوران کیا۔ اس آن لائن لیکچر کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا جس کی کارروائی ٹرسٹ کے آفیشل فیس بک پیج اور یو ٹیوب چینل پر دکھائی گئی۔ پروفیسرشرافت علی خان نے خصوصی آن لائن لیکچر میں کہا کہ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ مبارکباد کا مستحق ہے کہ اس نے ہندوستان میں اسلامی تاریخ کے ایک عظیم کردار کا یومِ شہادت منانے کا اہتمام کیا ۔ اس عظیم مسلمان حکمران کی زندگی پر ایک طائرانہ نگاہ ڈالنے سے ہی سر فخر سے بلند ہوجاتا ہے کہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے برصغیر کے مسلمانوں کو کیسے کیسے عظیم کردار کے مالک رہنما عطا فرمائے تھے۔ ٹیپوسلطان کی شجاعت اور جواں مردی نے انگریزوں کو لرزہ براندام کر دیا تھا۔ ٹیپو سلطان ایک کرشماتی شخصیت تھے ، وہ انتہائی بہادر اور زیرک سپہ سالار ہونے کے ساتھ ایک عالمی سطح کے لیڈر تھے جنہوں نے اس وقت کی عالمی طاقتوں سے بھی تعلقات قائم کئے تھے۔
ٹیپوسلطان شہیدکی پوری زندگی جرأت و بے باکی کی علامت ہے:شرافت علی خان
May 05, 2021