میزان بینک اور ایگزم بینک کے درمیان معاہدہ

کراچی(کامرس رپورٹر) پاکستان کے ممتاز اسلامی بینک میزان بینک نے حال ہی میں امپورٹ /ایکسپورٹ (ایگزم)بینک آف پاکستان کے ساتھ اسلامک ٹریڈ فنانس، تکافل انشورنس/گارنٹی پراڈکٹس ، کارپوریٹ خدمات کی فراہمی اور اسلامی ترقیاتی بینک کے ذریعہ تکنیکی معاونت گرانٹ کے تحت چھوٹے اور درمیانی درجے کے برآمدکنندگان کے فروغ کیلئے بطور مشیر کام کرنے کے معاہدہ پر دستخط کئے ہیں۔ یہ گرانٹ ایگزم بینک آف پاکستان کے توسط سے ملک میں بین الاقوامی تجارت کو فروغ دینے میں حکومتِ پاکستان کی مدد کرے گی جو برآمد کنندگان کو ایکسپورٹ کریڈٹ ، تکافل ، مصنوعات اور خدمات کی ضمانت فراہم کرے گی۔ معاہدے کے تحت میزان بینک شریعہ کے مطابق ٹریڈ فنانس مصنوعات اور رسک مینجمنٹ حکمتِ عملی تیار کرے گا جو بہت سارے ایس ایم ایز کو خطے میں تجارتی مقابلے کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ایگزم بینک سے مالی مدد حاصل کرنے کے قابل بنائے گی۔معاہدے پر میزان بینک کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر عارف الاسلام اور ایگزم بینک کے صدر عرفان بخاری نے دستخط کئے جبکہ تقریب میں اسلامی ترقیاتی بینک کے نائب صدر منصور محتار نے جدہ سے آن لائن شرکت کی ۔اس موقع پر اسلامی ترقیاتی بینک کے نائب صدر منصور محتار نے کہا کہ ہمیں امید ہے اس معاہدے سے اسلامی بینکاری صنعت کو نئی مصنوعات کی تیاری میں مدد ملے گی ۔ہم ایگزم بینک کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم ان کے کام پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے ان کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔اس موقع پر میزان بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان صدیقی نے کہا کہ پاکستان کی سرکار ی ایکسپورٹ کریڈٹ ایجنسی کی حیثیت سے کام کرتے ہوئے میزان بینک شریعت کے مطابق مصنوعات کی تیاری کیلئے ایگزم بینک کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔باہمی تعاون اور مشترکہ تفہیم کے ذریعہ ہم ایس ایم ای کے شعبے کی ترقی کی راہ ہموار کرتے ہوئے پاکستان کو بطور ایکسپورٹ حب بنانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔اس موقع پر ایگزم بینک کے صدر عرفان بخاری نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ شریعہ کمپلائنٹ مصنوعات کی تیاری کیلئے میزان بینک ہمارے مشیر کی حیثیت سے کام کرے گا جس سے پاکستان کی برآمد ات میں یقینی طور پر اضافہ ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن