بیٹسمینوں کی ضرورت کے مطابق ان پر کام کیا جارہا ہے، محمد یوسف

لاہور(این این آئی)نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر (این ایچ پی سی) میں سابق کپتان اور بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے کہاہے کہ بیٹسمینوں کی ضرورت کے مطابق ان پر کام کیا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹرز شان مسعود، امام الحق، شرجیل خان، اعظم خان اور نسیم شاہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں بیٹنگ کوچ محمد یوسف کی نگرانی میں ٹریننگ کر رہے ہیں۔ٹریننگ میں شریک شرجیل خان نے کہا کہ وہ فٹنس کی بہتری کے لیے کام کرنے کے ساتھ محمد یوسف کے ساتھ مل کر بیٹنگ کو مزید بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹرینر یاسر ملک نے بہترین پلان دیا تھا اس پر عمل کر رہا ہوں ، پی ایس ایل کی وجہ سے کم بیک ہوا کوشش ہو گی کہ بقیہ میچز میں اچھا پرفارم کروں۔شرجیل نے کہا کہ ٹیم میں ہوتے ہوئے بیٹنگ کوچ یونس خان سے بھی بہت مدد ملی تھی۔سابق کپتان محمد یوسف نے کہا کہ بیٹسمینوں کو بنیادی تیکنیک کے مطابق کھیلنے کا بتایا جا رہا ہے، بیٹسمین کو بیلنس، بال ریلیز اور وزن منتقلی کی تکنیک کے ساتھ کھیلنا چاہیے۔محمد یوسف نے بتایا کہ شرجیل خان پابندی سے پہلے اچھا کھیل رہے تھے، پابندی کے بعد وزن بڑھنے سے مشکل ہو رہی ہے لیکن شرجیل بہت محنت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شان مسعود سے تفصیلی بات ہوئی ہے، مل کر ٹریننگ پلان بنایا ہے، شان سے کہا ہے کہ جو ہو چکا بھول جائیں ، حال میں رہتے ہو ئے کھیلیں۔

ای پیپر دی نیشن