لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کو ہمیشہ سے دھاندلی زدہ نظام ہی پسند رہا ہے۔ پاکستان کے انتخابی عمل میں پیسے اور دھاندلی کی بانی جماعت (ن) لیگ ہے۔ انتخابی اصلاحات سے بھاگ کر (ن) لیگ نے اپنی دھاندلی زدہ سیاست کا پردہ چاک کیا ہے۔ نااہل اور ناکام اپوزیشن ہر محاذ پر پسپا ہو چکی ہے۔ پی ڈی ایم کا جتنی جلدی جنم ہوا اتنی ہی جلدی جنازہ اٹھا۔ سندھ کے جعلی شہزادے نے راجکماری اور مولانا سے جو کیا وہ ان کے لئے عبرتناک سبق ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی شفاف اور جرات مند قیادت کے سامنے کرپٹ ٹولے کی کوئی حیثیت نہیں۔ دریں اثناء فردوس عاشق اعوان نے برکت مارکیٹ گارڈن ٹائون میں قائم رمضان بازار کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کی۔ سینیٹر اعجاز چوہدری بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے رمضان بازار میں صفائی اور دیگر انتظامات پرضلعی انتظامیہ اور منتظمین کو شاباش دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ گاڑی کے دو پہیے ہیں۔ حکومتی کوششیں اس وقت تک رنگ نہیں لاسکتیں جب تک بیورو کریسی ان پر عملدرآمد کو یقینی نہیں بناتی۔ماضی میں پانچ فیصد ایلیٹ کلاس نے 95 فیصد عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا۔ پنجاب اسمبلی کے باہر ایک کنیز آہ وبکا کر تے ہوئے کہہ رہی تھی کہ شوباز شریف کے دور میں مثالی اقدامات اٹھائے گئے۔ حضرت علیؓ کی مبارک زندگی عوام فلاح و بہبود اور انسانیت کی خدمت کا بہترین نمونہ ہے۔
سندھ کے جعلی شہزادے نے راجکماری‘ مولانا سے جو کیا عبرتناک سبق: فردوس عاشق
May 05, 2021