لاہور (لیڈی رپورٹر) شوبز سے وابستہ خواتین نے عیدالفطرکی خوشیوں کو ملک کے محنت کش طبقے کے نام کرنے کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا کے دوران محنت کش طبقہ ہی سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ ایک سال سے جاری مختلف لاک ڈاؤنز کے دوران ہونے والی بیروزگاری، مہنگائی اور بیماری نے ان کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ ایسے میں اگر اہل وطن ان کی مالی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے انہیں عید کے جوڑے، چوڑیاں، سویاں اور نئے جوتے گفٹ کر دیں، مستحق مریضوں کو دوائیاں خرید کر دیں تو یہ بہت بڑی نیکی ہوگی۔ گزشتہ روز نوائے وقت سے گفتگو میں فلمسٹار ثنا نے کہا کہ اس عید پر پہلے کی طرح ملنا جلنا نہیں ہوگا نہ ہی روایتی نئے کپڑوں اور جوتوں کی شاپنگ ہوگی تو پھر کیوں نہ ملک کے محنت کش طبقے کا خیال رکھا جائے۔ صبا قمر نے کہا کہ ہمیں چاہئے ہم کرتے ہیںمگراب جبکہ اوقات کار محدود ہیں انکے کام اور آمدنی پہلے جیسے نہیں رہے تو بہتر ہوگا کہ ہم انکے ساتھ شفقت کا سلوک کرتے، از خود محنت کشوں کی مدد کیلئے نکل کھڑے ہوں تاکہ عید کے روز انکے گھروں کے چولہے روشن ہو سکیں اور یہ بھی گھر پر میٹھا بنا سکیں۔ ماریہ واسطی نے کہاکہ اس عید پر خصوصی طور پر اپنے ملازموںکا خیال رکھنا ہوگا۔ سجل علی نے کہا کہ لڑکیاں عید پر اپنی چوڑیوں اور مہندی کے ساتھ محنت کش عورتوں اور انکی بیٹیوں کیلئے بھی خریداری کریں۔
عید پر کرونا سے متاثر محنت کشوں کا خیال رکھا جائے: اداکارائیں
May 05, 2021