لاہور(سپورٹس ڈیسک) کیریبین ملک پورٹو ریکو کے باکسر نے اپنی حاملہ پریمی کو اغوا کرکے قتل کردیا اور نعش پل سے نیچے پھینک دی۔ پورٹو ریکو سے اولمپکس 2012 ء میں باکسنگ کے مقابلوں میں حصہ لینے والے فیلیکس وردیجو پر اپنی حاملہ دوست کو قتل کرنے کا الزام ہے۔ جس پر باکسر نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔27 سالہ شادی شدہ باکسر پر ماں اور پیٹ میں موجود بچے کی موت کے علاوہ اغوا اور کارجیکنگ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ فیلیکس نے اپنی گرل فرینڈ کو رسی سے باندھ کر تشدد کیا۔ پولیس کو رسی سے بندھی نعش امریکی جزیرے کے صدر مقام سان جوان کے قریب مل گئی۔