لاہور(سپورٹس رپورٹر )نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں سابق کپتان اور بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے کہا ہے کہ بیٹسمینوں کی ضرورت کے مطابق ان پر کام کیا جا رہا ہے۔قومی کرکٹرز شان مسعود، امام الحق، شرجیل خان، اعظم خان اور نسیم شاہ نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں بیٹنگ کوچ محمد یوسف کی نگرانی میں ٹریننگ کر رہے ہیں۔ٹریننگ میں شریک شرجیل خان کا کہنا ہے کہ وہ فٹنس کی بہتری کیلئے کام کرنے کیساتھ محمد یوسف کے ساتھ مل کر بیٹنگ کو مزید بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ٹرینر یاسر ملک نے بہترین پلان دیا تھا اس پر عمل کر رہا ہوں ، پی ایس ایل کی وجہ سے کم بیک ہوا کوشش ہو گی کہ بقیہ میچز میں اچھا پرفارم کروں۔شرجیل نے کہا کہ ٹیم میں ہوتے ہوئے بیٹنگ کوچ یونس خان سے بھی بہت مدد ملی تھی۔سابق کپتان محمد یوسف کا کہنا ہے کہ بیٹسمینوں کو بنیادی تکنیک کے مطابق کھیلنے کا بتایا جا رہا ہے، بیٹسمین کو بیلنس، بال ریلیز اور وزن منتقلی کی تکنیک کیساتھ کھیلنا چاہیے۔ شرجیل خان پابندی سے پہلے اچھا کھیل رہے تھے، پابندی کے بعد وزن بڑھنے سے مشکل ہو رہی ہے لیکن شرجیل بہت محنت کر رہے ہیں۔شان مسعود سے تفصیلی بات ہوئی ہے، مل کر ٹریننگ پلان بنایا ہے، شان سے کہا ہے کہ جو ہو چکا بھول جائیں ، حال میں رہتے ہو ئے کھیلیں۔قومی کرکٹرز عید سے پہلے تک ٹریننگ جاری رکھیں گے ، جبکہ عید کے بعد مزید کھلاڑیوں کو بلانے کا پلان بنایا جا رہا ہے۔
بیٹسمینوں کی ضرورت کے مطابق کام کیا جا رہا ہے:محمد یوسف
May 05, 2021