پی ڈی ایم کی منفی سیاست ختم ہوچکی،عوام کو افراتفری کی سیاست سے کوئی سروکارنہیں:وزیراعلیٰ پنجاب 

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزراء اوراراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے منتخب نمائندوں کے حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پرہی احکامات جاری کیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے کہاکہ منتخب نمائندوں کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ہر ضلع کا علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج تیار کیا ہے۔ڈویلپمنٹ پیکیج میں منتخب نمائندوں کی تجاویز کو اہمیت دی گئی ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ سابق حکمران مخصوص شہروں کی ترقی چاہتے تھے۔ماضی کی حکومت نے پسماندہ علاقوں پر کوئی توجہ مرکوز نہیں کی۔تحریک انصا ف کی حکومت ہر شہر کی یکساں ترقی پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کا یہ سفرمزید تیزکریں گے۔کسی شہر کی حق تلفی نہیں ہونے دوں گا۔صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کے لئے اربوں روپے کا رمضان پیکیج دیا ہے۔رمضان پیکیج کے ثمرات سے عوام مستفید ہورہے ہیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پی ڈی ایم کی منفی سیاست ختم ہوچکی۔عوام صرف ترقی اورخوشحالی چاہتے ہیں۔عوام کو افراتفری کی سیاست سے کوئی سروکارنہیں۔پنجاب ہر لحاظ سے دیگر صوبوں کے مقابلے میں آگے ہے۔
انہوں نے  کہا کہ حکومت مدت پوری کرے گی اورعام انتخابات 2023ء میں ہوں گے۔
وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر زراعت سید حسنین جہانیاں گردیزی، معاون خصوصی امیر محمد خان، اراکین قومی اسمبلی چوہدری عامر سلطان چیمہ، محمد افضل خان ڈھانڈلہ،اراکین پنجاب اسمبلی غضنفر عباس چھینہ،محمد عامر عنایت شہانی،جاوید کوثر،مسرت جمشید چیمہ اورمحمد لطیف نذر شامل تھے۔

ای پیپر دی نیشن