سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹر اور فیس بک اکاﺅنٹس پر پابندی کے بعد کمیونیکیشنز کے لیے نیا پلیٹ فارم متعارف کرا دیا ہے ۔ "فرام دا ڈیسک آف ڈونلڈ جے ٹرمپ "کے نام سےاس نئے پلیٹ فارم پر صارفین ٹویٹر اور فیس بک کی طرح پوسٹس لائک کریں گے اور ان پوسٹس کو اپنے ٹویٹر اور فیس بک اکاﺅنٹس پر شیئر بھی کر سکیں گے۔ یہ پلیٹ فارم ڈبلیو ڈبلیوڈبلیوڈاٹ ڈونلڈ جے ٹرمپ ڈاٹ کام سلیش ڈیسک پر دیکھا جا سکتا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اس ویب سائٹ سے قبل سابق صدر اپنے بیانات پریس ریلیز کے ذریعے جاری کرتے تھے لیکن اب اس ویب سائٹ پر ان کے بیانات اور سیاسی سرگرمیاں شیئر کی جائیں گی۔ اطلاعات ہیں کہ یہ ویب سائٹ ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے سابق منیجر بریڈ پارسکیل کی ڈیجیٹل سروس کمپنی کمپین نیوکلیئس نے بنائی ہے ۔ واضح رہے کہ جنوری میں امریکی پارلیمنٹ کیپٹل ہل پر حملے کے بعد سابق صدر ٹرمپ کے ٹویٹر اکاﺅنٹ پر پابندی جبکہ فیس بک اکاﺅنٹ اور یوٹیوب چینل معطل کر دیا گیا جس کے بعد وہ اپنے بیانات پریس ریلیز کے ذریعے جاری کرتے تھے ۔ تاہم ابھی فیس بک کے اورسائٹ بورڈ کی جانب سے ٹرمپ کے فیس بک اکاﺅنٹ پر مستقل پابندی سے متعلق فیصلہ تو ہو چکا ہے لیکن اس کا اعلان کرنا باقی ہے جو امریکی وقت کے مطابق بدھ کی صبح نو بجے متوقع ہے۔ اگر سابق صدر ٹرمپ کو فیس بک پر دوبارہ آنے کی اجازت دے دی جاتی ہے تو پھر فیس بک کو ان کا اکاﺅنٹ 7 روز میں دوبارہ بحال کرنا ہو گا۔ یوٹیوب نے سابق صدر کے یوٹیوب اکاﺅنٹ عارضی طور پر معطل کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا اکاﺅنٹ اس وقت دوبارہ بحال کیا جائے جب تشدد میں کمی ہو گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹر اور فیس بک اکاﺅنٹس پر پابندی کے بعد روابط کے لئے نیا پلیٹ فارم متعارف کرا دیا
May 05, 2021 | 16:22