تحریک انصاف نے غیرملکی مراسلے پر کمیشن کا قیام مسترد کردیا

May 05, 2022 | 16:34

ویب ڈیسک

 صرف آزاد عدلیہ کی جانب سے بنائے گئے کمیشن کو تسلیم کیا جائے گا،مریم اورنگزیب آپ نے گھبرانا نہیں ہے، آپ اتنی غصے میں کیوں ہوتی ہیں؟ آپ کے گھبرانے کا وقت (کل) کے جلسے کے بعد شروع ہوگا، فواد چوہدری اور فرخ حبیب کی اسلام آباد میں پریس کانفرنس

تحریک اںصاف نے غیرملکی مراسلے پر حکومت کے کمیشن قائم کرنے کے اعلان کو مسترد کردیا اور کہا ہے کہ صرف آزاد عدلیہ کی جانب سے بنائے گئے کمیشن کو تسلیم کیا جائے گا۔ یہ بات تحریک اںصاف کے رہنماوں فواد چوہدری اور فرخ حبیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت کے ماتحت کمیشن بنانے کے فیصلے کو مسترد کرتی ہے، تحریک انصاف صرف ایک ہی کمیشن کو تسلیم کرے گی جو کہ آزاد عدلیہ کے ماتحت ہو اور اس کی کھلی سماعت ہو۔ فواد چوہدری نے مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس پر کہا کہ مریم پریس کانفرنس کرتے ہوئے بہت گھبرائی ہوئی تھیں، مریم اورنگزیب آپ نے گھبرانا نہیں ہے، آپ اتنی غصے میں کیوں ہوتی ہیں؟ آپ کے گھبرانے کا وقت (کل) جمعہ کے جلسے کے بعد شروع ہوگا۔ فرح خان کے معاملے پر فواد چوہدری نے کہا کہ فرح پر الزام کوئی نہیں ہے اور اس کے خلاف پریس کانفرنس روزانہ ہورہی ہے، حکومت کو عمران خان کے خلاف کچھ مل نہیں رہا اس لیے ایسے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، اگر فرح خان نے کرپشن کی ہے تو اس پر کیسز کیوں نہیں بنائے جارہے؟ انہوں نے کہا کہ حکومت کے دو تہائی وزیر ضمانتوں پر ہیں، جب سے یہ حکومت آئی ہے دہشت گردی کے واقعات میں 24 فیصد اضافہ ہوا ہے، دو تہائی وزرا ضمانتوں پر ہیں، پاکستان کا سب سے اہم مسئلہ توانائی بحران ہے، ملک تین ہفتے سےتوانائی کا کوئی وزیر نہیں، وزارتوں کی بندربانٹ کی وجہ سے ملک کرائسزز میں ہے۔

مزیدخبریں