الزامات : پی ٹی آئی کا خواجہ آصف ، بشریٰ بی بی کا مریم نواز کو نوٹس 


لاہور‘ اسلام آباد (آئی این پی‘ نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف نے عمران خان پر ٹکٹوں کی فروخت کا الزام لگانے پر خواجہ آصف کو ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔ پی ٹی آئی نے وزیردفاع خواجہ آصف کو 10 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجا جو عثمان ڈار کی جانب سے بھجوایا گیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ خواجہ آصف نے عمران خان پر سیالکوٹ میں ٹکٹوں کی فروخت کا الزام عائد کیا تھا اور ٹکٹوں کے عوض سیالکوٹ سے 30 کروڑ روپے اکٹھا کرنے کا من گھڑت الزام لگایا گیا ہے۔ نوٹس کے مطابق خواجہ آصف نے سیالکوٹ کے ٹکٹ ہولڈرز پر بے بنیاد اور سنگین الزام عائد کیا اور براہ راست پریس کانفرنس میں عمران خان اور پارٹی رہنماﺅں پر بہتان تراشی کی۔ نوٹس میں خواجہ آصف کو اپنے بے بنیاد الزام پر چیئرمین تحریک انصاف سے تحریری معذرت کرنے اور یہ معذرت نامہ ملک کے معروف اخبارات میں شائع کروانے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ نوٹس کے مطابق معافی نہ مانگنے کی صورت میں خواجہ آصف 10 ارب روپے ہرجانہ ادا کریں، معافی یا ہرجانہ کی عدم ادائیگی پر خواجہ آصف کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے الزام تراشی کرنے پر مریم نواز کو قانونی نوٹس بھجوا دیا۔ سابق وزیر اعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے مریم نواز کے خلاف باضابطہ قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو قانونی نوٹس فیصل فرید ایڈووکیٹ کی وساطت سے بھجوایا گیا ہے جس میں مریم نواز سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ 7 روز میں بشریٰ بی بی سے غیر مشروط معافی مانگیں۔ مریم نواز کے الزامات پر مبنی تقریر کا متن بھی نوٹس کا حصہ بنایا گیا ہے، نوٹس میں تنبیہ کی گئی ہے کہ مسلم لیگ ن کی رہنما نے یکم مئی کو لاہور میں ایک تقریر میں بشریٰ بی بی کے خلاف جھوٹی اور بے بنیاد الزام تراشی کی۔ اس بیان کو واپس نہ لینے پر ان کو ضابطہ فوجداری اور ہتک عزت سمیت متعلقہ قوانین کے تحت کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔ نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی مکمل طور گھر کی دہلیز تک محدود اور باپردہ خاتون ہیں، مریم نواز جان بوجھ کر بشریٰ بی بی اور ان کے اہل خانہ کو بدنام کرنے کیلئے بدنیتی پر مبنی مہم چلا رہی ہیں، غلط بیانی، ہرزہ سرائی اور سیاسی مقاصد کیلئے الزام و دشنام کی منظم مہم پر ضابطہ فوجداری کے تحت 5 سال تک کی سزا ہو سکتی ہے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے بشریٰ بی بی کے نوٹس پر بیان میں کہا ہے چلیں اسی بہانے عدالت تو جائیں گے۔ ان کی اپنی چوریاں کھلیں گی۔ انہی کو جواب دینا پڑے گا جس کے ثبوت انکی اپنی ہی آواز میں ہیں۔

الزامات/ نوٹس

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...