لاہور (نامہ نگار)پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروسز 46 ویں سپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام کے زیر تربیت افسران نے سنٹرل پولیس آفس کا مطالعاتی دورہ کیا اورصوبے میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کے قلع قمع اور شہریوں کیلئے پولیس کی فراہم کردہ سہولیات بارے آگاہی حاصل کی۔ سول سروسز اکیڈمی لاہور سے آئے وفد میں 10خواتین سمیت 36 پروبیشنری افسران اور فیکلٹی ممبران شامل تھے، جنہیں ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر،ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس اورڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر انعام وحید نے پنجاب پولیس کی جدید سروسز،جرائم کنٹرول اقدامات کے متعلق بریفنگ دی۔ شرکا کو پبلک سروس ڈلیوری پراجیکٹس، سپیشلائزڈ فورسزسمیت پنجاب پولیس کے آپریشنل طریقہ کار بارے آگاہی دی گئی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پروبیشنری افسران کوپنجاب پولیس کو درپیش چیلنجز اور جرائم کے قلع قمع کیلئے جاری اقدامات کے نتیجے میں حاصل کردہ اہداف سے آگاہ کیا۔آئی جی پنجاب نے وفد کو بتایا کہ شہریوں کو خدمات کی فراہمی، امن وامان کو برقرار رکھنے اور جرائم کے قلع قمع کیلئے آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ کو فروغ دیا جارہا ہے، صوبے کے تمام تھانوں اور پولیس دفاتر میں ورکنگ کو جدید سافٹ وئیرز کی مدد سے مکمل ڈیجیٹلائز کیا جاچکا ہے۔ ایف آئی آر کی فری رجسٹریشن، شہریوں کےلئے اوپن ڈور پالیسی جبکہ اندون ملک و بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے انٹرپول اور ایف آئی اے کی مدد سے کریک ڈاو¿ن میں تیزی لائی گئی ہے۔دورے کے اختتام پر آئی جی پنجاب اور پروبیشنر افسران کے وفد کے سربراہ کے مابین یادگاری سوویینئرز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔