لاہور (نامہ نگار) سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے گزشتہ روز انٹرنیشنل فائر فائٹرز ڈے پر شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر فائر فائٹرز کوزبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے انسانیت کےلئے فائر فائٹرز کی جذبہ خدمت لگن، ہمت، بے لوث قربانی اورانمول خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ 'فائر سیفٹی زندگی کی حفاظت ہے' اور بروقت احتیاطی تدابیر کو یقینی بنانا حادثے کے بعد ہونے والے نقصان پر افسوس کرنے سے بہتر ہے۔ اب وقت کی ضرورت ہے کہ پنجاب کمیونٹی سیفٹی ایکٹ 2021 اور پنجاب کمیونٹی سیفٹی بلڈنگ ضوابط 2022 کو بلند و بالا عمارتوں میں لاگو کیا جائے اور ملک میں فائر سیفٹی کو فروغ دینے کےلئے نئی پیش رفت کی جائے۔ وہ ایمرجنسی سروسز ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ انٹرنیشنل فائر فائٹرز ڈے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ڈائریکٹرجنرل ریسکیو پنجاب کی ہدایت پر پنجاب کے تمام اضلاع میں فائر فائٹرز کا عالمی دن علامتی طور پر منایا گیا۔ ضلعی ایمرجنسی افسران نے اپنے متعلقہ اضلاع میں شہید فائر فائٹرز کے اہلخانہ سے بھی ملاقات کی اور ان کےساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ہمیںاپنے شہداءکی خدمات پر فخر ہے اور شہداءاور انکے لواحقین کو فراموش نہیں کیا جائےگا۔ فائر فائٹرز حقیقی ہیرو ہیں ،کیونکہ جب لوگ آگ کی ایمرجنسی کے دوران خوف کے عالم میں بھاگ رہے ہوتے ہیں تو بہادر فائر فائٹرز جلتی ہوئی عمارتوں میں داخل ہو کر لوگوں کی جانیں اور املاک بچانے کےلئے تیار ہوتے ہیں۔انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے اپیل کی کہ وہ پنجاب میں محفوظ اورسیفٹی کلچر کو یقینی بنانے کےلئے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔ ریسکیو 1122 کامشن سماجی طور پر ذمہ دار اور حادثات سے محفوظ کمیونٹی کے ذریعے محفوظ معاشرے کے قیام کو یقینی بنانا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر رضوان نصیر نے سال 2022 کے ڈوےژن کے بہترین ریسکیورز کو شیلڈزو تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا۔
کثیرالمنزلہ عمارتوں میں کمیونٹی سیفٹی تعمیراتی ضوابط کا نفاذضروری: رضوان نصیر
May 05, 2023