لاہور(خصوصی نامہ نگار)ڈائریکٹر حج اقرار احمد نے کہا ہے کہ لاہور سے عازمین حج کی روانگی کیلئے فلائٹ آپریشن متوقع طور پر 20 اور 21 مئی کی درمیانی شب شروع ہو گا جو ایک ماہ تک جاری رہے گا۔گزشتہ روز عازمین کو مناسک حج کی تربیت دینے کیلئے منعقدہ پروگرام کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ عازمین کو روانہ کرنے کیلئے حج آپریشن ون ونڈو سسٹم کے تحت مکمل کیا جائے گا۔ اس موقع پر بنک اور ائر لائنز ائر اور دیگر متعلقہ محکمے ائر کنڈیشنڈ مارکی میں اپنے کاو¿نٹر لگائیں گے۔ عازمین حج کو ٹکٹ، پاسپورٹ اور دیگر سہولیات ایک ہی چھت تلے مہیا کی جائیں گی۔زرمبادلہ حاصل کرنے کے خواہشمند عازمین بینکوں کے کاو¿نٹر سے پاکستانی روپے کے عوض ریال حاصل کر سکیں گے۔بینکوں کو حاجیوں کی ضرورت کے مطابق سعودی ریال کا انتظام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دریں اثناءگورنمنٹ سکیم کے10 ہزار سے زائد عازمین حج کو مرحلہ وار مناسک حج ، مدینہ منورہ کی حاضری اور انتظامی امور کی تربیت دینے کیلئے حج ٹریننگ پروگرام الحمرا ہال میں شروع ہو گئے جو 17 مئی تک جاری رہیں گے۔ افتتاحی سیشن سے سابق کوآرڈینیٹر وزارت مذہبی امور سید فروغ آفتاب زیدی ،خان ، قاری محمد احمد، عدنان عطاری اور نیاز علی قادری،ڈائریکٹر حج لاہور اقرار احمد اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سید مجیب اکبر شاہ نے خطاب کیا۔حج پر جانے والے خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔