لاہور (نامہ نگار ) نگران وزیر بلدیات ابراہیم مراد نے شہریوں کی روزمرہ شکایات کے جلد ازالے کیلئے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ شکایات کے فوری اندراج کیلئے ہیلپ لائن 1198 کا اجراءکیا جائے گا۔نگراں وزیر بلدیات کی زیر صدارت محکمہ کے کمپلینٹ سیل کا اجلاس ہوا۔ایڈیشنل سیکرٹری بلدیات طارق نیازی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہریوں کی طرف سے سوشل میڈیا اور وٹس ایپ کے ذریعے بھیجی جانے والی شکایت پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔ پنجاب بھر کے مختلف علاقوں سے صفائی ، نکاسی آب ، پارکنگ، غیر قانونی تعمیرات، تجاوزات اور دیگر شہری امور کے بارے میں شہریوں کی شکایات دور کی گئیں۔ ابراہیم مراد نے ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات ترجیحی بنیادوں پر دور کی جائیں۔ ان شہریوں کی شکایات پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کرنے والے افسران اور اہلکاروں کی جواب طلبی کی جائے گی۔شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم 24 گھنٹے فعال رہے گا۔ نگران وزیر بلدیات نے بتایا کہ کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم میں مختلف سطحوں پر شکایات کے ازالے کیلئے ٹائم لائن مقرر کی جائے گی۔ مقررہ وقت میں شکایت دور نہ ہونے پر اعلی سطح کا افسر اس کا جواب دے گا۔
نگران وزیر بلدیات کا شہریوں کیلئے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم شروع کرنے کا اعلان
May 05, 2023