خصوصی افراد کے ملازمتوں کے کوٹے پر عملدرآمد کی ضرورت ہے ،عارف علوی

May 05, 2023

 اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی افراد کی مالی خود مختاری کیلئے سرکاری اور نجی شعبے میں ملازمتوں کے کوٹے پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی افراد کے کوٹے کو اس کی اصل روح کے مطابق لاگو کیا جانا چاہئے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے معذوری کی درجہ بندی کے فریم ورک پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزارت انسانی حقوق اور حکومت پاکستان کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ صدر نے کہا کہ پاکستان کی تقریبا 12سے 14 فیصد آبادی کسی نہ کسی قسم کی معذوری کا شکار ہے ، خصوصی افراد کی خودمختاری کیلئے روزگار فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کے کوٹے کو اس کی اصل روح کے مطابق لاگو کیا جانا چاہیے، بینک، کاروباری ادارے اور نجی شعبہ خصوصی افراد کو ملازمتیں دے۔ صدر مملکت نے کہا کہ خصوصی افراد کو ہنر اور معذوری کی نوعیت کے مطابق نوکریاں دی جائیں، پاکستان میں خصوصی افراد کو ہنر پر مبنی تعلیم فراہم کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو قابل قدر ہنر کی فراہمی کیلئے اسٹیک ہولڈرز کے درمیان قریبی روابط پیدا کرنے کی ضرورت ہے، تربیتی اور متعلقہ سرکاری اداروں کو خصوصی افراد کی تربیت کیلئے کوششیں تیز کرنی چاہیے ۔

مزیدخبریں