اسلام آباد (نامہ نگار) پبلک اکائونٹس کمیٹی نے گزشتہ 5سالوں کے دوران گندم کی خرید و فروخت کا ریکارڈ طلب کر لیا۔ گوادر کے لوگوں کے لئے چین کی جانب سے دیئے گئے سولر پینل پرسیکرٹری میری ٹائم افیئرز سے رپورٹ بھی طلب کر لی۔ کمیٹی نے وزارت فوڈ سکیورٹی کے ماتحت اداروں کی خواتین ملازمین کو دور دراز علاقوں میں ٹرانسفر کرنے سے بھی روک دیا۔ چیئرمین پی اے سی نورعالم خان نے کہاہے کہ چین نے گوادر کے لیے سولر پینل دیئے تھے، سننے میں آیا ہے وہ کسی کو دے دیئے ہیں۔ گوادر سے باہر کسی بھی بندے کو دیئے گئے ہوں تو اس پر آپ انکوائری کرائیں گے۔ کمیٹی نے سی ڈی اے سے مارگلہ روڈ اسلام آباد کی ناقص تعمیر پرانکوائری رپورٹ ایک ہفتے میں طلب کر لی۔ کمیٹی نے اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن تیزکرنے کی ہدایت کر دی۔ پبلک اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین نور عالم خان کی زیر صدارتگزشتہ روز ہوا۔ اجلاس میں اسلام آباد میں انکروچمنٹ کا معاملہ زیر بحث آیا، اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے نے بھی شرکت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے کو مخاطب کرتے ہوئے نور عالم خان نے کہاکہ آپ کو تجاوزات مہم کے بعد تعریفی لیٹر دیا، پھر فٹ پاتھ پر کرسیاں لگنی شروع ہو گئی ہیں، ہائوسنگ سوسائٹیز لوگوں سے پیسے زیادہ لے رہی ہیں۔ سوسائٹیوں نے پیسے لے کر لوگوں کو قبضہ نہیں دیا۔ پیمنٹ اور زیادہ مانگی جارہی ہیں۔ اشرافیہ کو ذرا چھیڑیں۔ کمیٹی نے وزارت کے ماتحت اداروں کی خواتین ملازمین کو دور دراز علاقوں میں ٹرانسفر کرنے سے روک دیا۔ نور عالم خان نے کہاکہ کسی خاتون کو گھروں سے دور دوسرے شہروں میں ٹرانسفر نہ کیا کریں۔کمیٹی میں وزارت میری ٹائم افیئرز سے متعلق سال 2021-22 ء کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔ گوادر کے لوگوں کے لئے چین کی جانب سے سولر پینل دیئے جانے کا معاملہ زیر بحث آیا۔ نور عالم خان نے کہا کہ آپ کو چین نے سولر پینل دیئے تھے، سننے میں آیا ہے وہ کسی کو دے دیئے ہیں، گوادر سے باہر کسی بھی بندے کو دیئے گئے ہوں تو اس پر آپ انکوائری کرائیں گے۔ اس معاملے کی آپ نے پوری تصدیق کرنی ہے، ہم چاہتے ہیں گوادر کے لوگوں کو زیادہ فائدہ ملے۔ کمیٹی نے معاملے پر سیکرٹری میری ٹائم افیئرز سے رپورٹ طلب کر لی۔
پی اے سی ، 5 برس میں گندم کی خرید وفروخت کا ریکارڈ طلب
May 05, 2023