لاہور(خصوصی نامہ نگار)پاکستان کے مختلف مذاہب و مکاتب فکر اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین نےG20 میں شامل ممالک اور سیاسی و مذہبی قائدین سے اپیل کی ہے کہ وہ ہندوستان میں ہونے والے G20 کے اجلاس میں شریک نہ ہوں ۔مقبوضہ کشمیر اقوام متحدہ اور عالمی قوانین کے مطابق ایک متنازع علاقہ ہے جس میں اس طرح کا کوئی اجلاس یا سر گرمی اقوام متحدہ کی قراردادوں ،عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور ہندوستان کے مظالم کی تائید ہو گی۔ لاہور پریس کلب میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور انٹرنیشنل انٹر فیتھ ہارمنی کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، مولانا محمد خان لغاری، علامہ سید محمد حسین اکبر، علامہ عارف واحدی، مولانا محمد اسلم صدیقی، پادری عمائنویل کھوکھر، مولانا اسد اللہ فاروق، علامہ زبیر عابد، مفتی فلک شیر، مولانا نعمان حاشر، مولانا محمد شفیع قاسمی، مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا طاہر عقیل اعوان، قاری محمد اسلم قادری، مولانا شمس الحق نواز، قاری مبشر رحیمی، مولانا عبدالغفار فاروقی نے کہا کہ ہم G20 ممالک کی سیاسی و مذہبی قیادت سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ہندوستان میں ہونے والے اجلاس میں اس وقت تک شرکت نہ کریں جب تک ہندوستانی حکومت اقلیتوں اور مقبوضہ کشمیر کی عوام پر مظالم بند کرنے کا اعلان نہیں کرتی۔ ہم اسلامی تعاون تنظیم، رابطہ عالم اسلامی، مجلس حکماء المسلمین، مفتی اعظم روس، مجمع العالمی ایران، جمعیہ نہض العلماء انڈونیشیا، پوپ فرانسس، بشپ آف کینٹ بری یو کے اور تمام مذاہب و مسالک کی قیادت سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھی اس معاملے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور ہندوستان کے مذموم مقاصد کو ناکام بناتے ہوئے مظلوم کشمیریوں اور اقلیتوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستان میں ہر قسم کی سرگرمیوں میں شامل نہ ہونے کا اعلان کریں۔
رکن ممالک مقبوضہ کشمیر میں G-20 اجلاس میں شریک نہ ہوں‘ سیاسی و مذہبی قائدین
May 05, 2023