اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان کی زیر صدارت وزارت کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ سید علی مرتضی اور وزارت داخلہ کے اعلی افسران نے شرکت کی۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزارت اور اس کے ذیلی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے اصلاحات کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے۔ اجلاس میں آئی سی ٹی کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے اس کی تنظیم نو کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق اسلام آباد کی صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد کی صفائی کو عالمی معیار کے مطابق لانے کیلئے ریگولیٹری فریم ورک کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ اسلام آباد پولیس کو مزید مؤثر بنانے کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے ۔ اجلاس میں پرائیوٹ سکیورٹی سروس ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بارڈر مینجمنٹ کے نظام کو موثر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات لئے جائیں تاکہ ملک میں غیر قانونی داخلے اور انخلا کو روکا جا سکے۔ وزیر داخلہ نے اسلحہ لائسنس کے حصول میں فنگر پرنٹ کی فراہمی کے عمل کو عوام کی سہولت کیلئے مزید آسان بنانے کی ہدایت کی۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ لوگوں کیلئے اسلحہ کی تربیت اور اس سلسے میں سرٹیفکیشن کے طریقہ کار کو بھی وضع کیا جائے۔ اسلحہ کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں اور اسلحہ ڈیلروں کو صرف قانونی طور پر درآمد شدہ اسلحہ کی فروخت کا پابند کیا جائے۔
وزارت داخلہ‘ ذیلی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے اصلاحات لائی جائیں: رانا ثناء
May 05, 2023