مظفرگڑھ، قصور ،کنگن پورسے46 ہزار من غیرقانونی ذخیرہ شدہ گندم برآمد

لاہور‘ قصور‘ کنگن پور (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر صوبے کے تمام اضلاع میں گندم کی غیر قانونی ذخیر ہ اندوزی اور بین الصوبائی سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ سپیشل برانچ پنجاب کی مخبری پر پولیس ٹیم نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کے ساتھ مل کر مشترکہ کارروائی میں ضلع مظفر گڑھ میں ہیڈ محمد والہ کے نزدیک نجی فارم ہاؤس پر چھاپہ مارا اور غیر قانونی طور پر ذخیرہ کی گئی 30 ہزار من گندم برآمدکرکے قبضے میں لے لی گئی۔ اسی طرح قصور میں ضلعی انتظامیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے698من گندم کی سمگلنگ ناکام بنا دی۔ جبکہ اسسٹنٹ کمشنر چونیاں محم عامر بٹ نے چودھری سیف اللہ پٹواری‘ چودھری غلام مرتضیٰ پٹواری و دیگر محکمہ خوراک کے عملہ کے ہمراہ دریائے ستلج کے پار سرحدی دیہات کنگن پور میں گندم ذخیرہ اندوزی کرنے پر دو زمینداروں کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ ان کے قبضہ سے تقریباً پندرہ ہزار من سے زائد گندم برآمد کر لی اور مقامی پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ آئی جی پنجاب نے آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ گندم کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی یا بین الصوبائی سمگلنگ پر بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھی جائیں، پولیس ٹیمیں متعلقہ سرکاری اداروں کو کریک ڈاؤن میں بھرپور معاونت فراہم کریں اور مشترکہ کارروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

ای پیپر دی نیشن