چشتیاں (نامہ نگار) چشتیاں کے نواحی چک 131مراد میں فحش حرکات اور گالم گلوچ کرنے سے منع کرنے پر دو حقیقی بھائیوں اپنے ہمسایہ بزرگ محمد رشید اور اس کے نوجوان بیٹے انجم رشید کو تیز دھار آلوں سے بڑی بے دردی سے قتل کر دیا جبکہ مزاحمت پر مقتول بزرگ کی بیوی منظوراں بی بی اور بہو یاسمین اصغرکو شدید زخمی کر دیا۔ ڈاہرانوالہ پولیس کے مطابق چک مذکورہ میں 66سالہ بزرگ محمد رشید نے اپنے مکان کے سامنے رہائش پذیر محمد شاہد اختر کو گھر کے سامنے فحش حرکات اور گالم گلوچ کرنے سے سختی سے منع کیا جس پر اسے سخت رنج پہنچا اور شام کے وقت محمد شاہد اختر اور اس کے بھائی محمد عباس پسران فرزند علی نے محمد رشید کے گھر میں داخل ہو کر کتیرا اور چھرے سے محمد رشید اور اس کے نوجوان بیٹے انجم رشید پر حملہ کر کے سخت گھائل کر دیا جبکہ مزاحمت پر محمد رشید کی ضعیف بیوی منظوراں بی بی اور بہو یاسمین اصغر کو بھی شدید زخمی کر دیا اور فرار ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو 1122نے زخمیوں کو رورل ہیلتھ سنٹر ڈاہرانوالہ اور تحصیل ہسپتال چشتیاں روانہ کر دیا کہ محمد رشید اور اس کا بیٹا انجم رشید راستہ میں ہی جانبحق ہوگئے جبکہ زخمی خواتین کو ابتدائی طبی امداد کے بعد 150کلومیٹر دور وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور بھجوا دیا ہے جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے مقتول کے بڑے بیٹے سعید رشید کی درخواست پر ملزمان محمد شاہد اختر، محمد عباس اور محمد حسین ولد غلام محمد کے خلاف سنگین دفعات 302/324/109 کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔