دبئی (طاہر منیر طاہر) دبئی کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں انعقاد پذیر ھونے والی تیسویں عریبین ٹریول مارکیٹ میں پاکستان نے ایک لمبےعرصہ کے بعد شرکت کی- عریبین ٹریول مارکیٹ (ATM) میں پاکستان کی شرکت پاکستان ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن (PTDC) اور ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے تعا ون سے ممکن ہوئی- اس شو میں پاکستان سے پرل کانٹی نینٹل ہوٹلز، ہاشو گروپ، لیجنڈ ہوٹلز اینڈ ریزورٹس، ComfiTrav ٹورازم، میزاب گروپ، والجیس ٹریولز، زیب ٹریول، ایونٹیکا، بلیک گلیشیئر ٹورز، کالج آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ اوردیگر شراکت دار تنظیموں نے شرکت کی- یکم مئی سے چار مئی 2023 تک جاری رہنے والے شو کے پہلے دن وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاحت و کھیل عون چوہدری کی قیادت میں پاکستان نے 25 رکنی وفد کے ساتھ شرکت کی- یکم مئی کو عون چوہدری نے سفیر پاکستان برائے متحدہ عرب امارات سید فیصل نیاز ترمذی، قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی کے قونصل جنرل حسن افضل خاں، پریس قونصلر شازیہ سراج، پی ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب رانا اور وفد کے دیگر لوگوں کے ہمراہ پاکستان پیویلین کا افتتاح کیا جس میں بارہ کے قریب نمائش کنندگان نے شرکت کی- افتتاح کے پہلے ہی دن بیشمار لوگوں نے پاکستان پیویلین کاوزٹ کیا اور پاکستان کے سیاحتی مقامات میں دلچسپی لیتے ھوئے معلومات حاصل کیں- پاکستان نے معروف عالمی ٹریول شو عریبین ٹریول مارکیٹ 2023 میں اپنی بھرپور سیاحتی صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے، جو قا بل تحسین ہے- اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاحت و کھیل عون چوہدری نے پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے پی ٹی ڈی سی کی کاوشوں کو سراہا اور اے ٹی ایم دبئی 2023 میں نجی شعبے کی شرکت کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ اور دیگر ممالک غیر ملکی سیاحوں اور سرمایہ کاروں کی پاکستان آمد میں اضافہ کرتے ہیں۔ انہوں نے (ATM) 2023 میں شرکت کے لیے پاکستانی نمائش کنندگان کو تعاون فراہم کرنے پر متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارت خانے اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے افتتاحی تقریب میں کہا کہ ایک طویل عرصے کے بعد عریبین ٹریول مارکیٹ اے ٹی ایم میں پاکستان کی شرکت نہایت اہم ہے اور اس سے پاکستان میں ان باو¿نڈ ٹورازم کو فروغ دینے اور عالمی سطح پر پاکستان کا سافٹ امیج بنانے میں مدد ملے گی۔ یہ ایونٹ نہ صرف نجی شعبے کے اسٹیک ہولڈرز کے لیے کاروباری مواقع فراہم کرے گا بلکہ اس ایونٹ میں شرکت سے مشرق وسطیٰ سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری لائی جا سکے گی۔ پی ٹی ڈی سی (PTDC) کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب رانا نے کہا کہ پاکستان کو بیش بہا قدرتی حسن، بھرپور ثقافت اور زمینی تزئین وتنوع سے نوازا گیا ہے جو سیاحت کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک میں سماجی و اقتصادی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور سیاحت کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ عریبین ٹریول مارکیٹ میں پاکستان کی شرکت یقینی طور پر غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں اضافہ کرے گی۔ اس موقع پر القصوا حج ، عمرہ اور ورلڈ لنک ٹریول اینڈ ٹورازم کے ایم ڈی حافظ بابر شہزاد نے پاکستان پیویلین کا دورہ کرنے کے بعد کہا کہ عریبین ٹریول مارکیٹ میں پاکستان کی ایک عرصہ کے بعد شرکت خوش آئند ہے- پاکستان کو اس شو میں آئندہ بھی باقاعدگی سے شرکت کرنی چاہیے جس سے پاکستان میں ٹورازم کا بزنس پروان چڑھے گا اور پاکستان کی معیشت مضبوط ہو گی- حافظ بابر شہزاد نے کہا کہ اس شو میں پاکستان کی کسی ایئر لائن نے شرکت نہیں کی جس کی کمی شدت سے محسوس کی گئی لہذا اگلے سال عریبین ٹریول مارکیٹ میں پاکستان کی ایئر لائنوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے-