مقبوضہ کشمیر: محاصرے، تلاشی کارروائیاں جاری، اشرف صحرائی شہید کی برسی پر آج مکمل ہڑتال

May 05, 2024

سری نگر(کے پی آئی )مقبوضہ جموںوکشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں نے مختلف اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ بھارتی فوجیوں، پیرا ملٹری اور پولیس اہلکاروں نے بانڈی پورہ، شوپیاں، پونچھ، راجوری اور کٹھوعہ اضلاع کے مختلف علاقوں کے داخلی اور خارجی راستے سیل کر کے تلاشی کا عمل شروع کر دیا ہے۔ دوسری جانب مقبوضہ جموں وکشمیر میںتحریک حریت جموں وکشمیر کے سابق چیئرمین محمد اشرف صحرائی کی تیسری  برسی آج (اتوار کو) منائی جائے گی ۔80 سالہ محمد اشرف صحرائی کورٹ بلوال جیل جموں میں قید کے دوران بیمار ہو کر 5  مئی 2021 کو  انتقال کر گئے تھے۔محمد اشرف صحرائی کی برسی کے موقع پر لائن آف کنٹرول کے دونوں طرف خصوصی تقریبات ہوں گی۔ آزاد جموں وکشمیر میں بھی شہید کو خراج عقید پیش کرنے کے لئے مختلف تقاریب ہونگی ،اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے زیر اہتمام ایک دعائیہ مجلس کنوینئر محمود احمد ساغر کے زیر صدارت ہوگی جس میں شہید قائد کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا ، محمد اشرف صحرائی شہید کو ان کی تیسری شہادت کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مختلف آزادی پسند تنظیموں کی طرف سے سری نگر اور مقبوضہ وادی کشمیر کے کئی دیگر علاقوں میں پوسٹر بھی چسپاں کیے گئے ہیں ۔ پوسٹروں کے ذریعے کشمیریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ محمد اشرف صحرائی سمیت دیگر شہداکے ورثا اور جھوٹے مقدمات میں برسہابرس سے جیلوںمیں بند کشمیریوں کے اہلخانہ کیساتھ اظہار یکجہتی کے لیے5مئی بروز اتوار مکمل ہڑتال کریں۔ جبکہ ضلع راجوری میں ایک بھارتی فوجی نے خودکشی کر لی۔9 جاٹ رجمنٹ سے وابستہ اہلکار راہول کمار نے ضلع کے علاقے کیری میں اپنی سروس رائفل سے گولی مار کر خودکشی کی۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ و پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے 5 اگست 2019کے فیصلوں کو واپس لینے کے کشمیریوں کے مطالبے کو دہراتے ہوئے کہا کہ کشمیری اپنی منفرد شناخت کے تحفظ کے لئے متحد ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے 5 اگست2019ء کے بھارتی حکومت کے کشمیر بارے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت واپس دلانے کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

مزیدخبریں