لاہور (خبر نگار) ہائیکورٹ کے جسٹس انوارالحق پنوں کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے فرح شہزادی کے بچوں کو بیرون ملک جانے کی اجازت کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا، عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ سرکاری وکیل بچوں ایمان جمیل اور فراز اقبال کے نام پی سی ایل لسٹ میں رکھنے کے حوالے سے عدالت کو مطمئن کرنے میں ناکام رہا۔ بچوں کی والدہ فرح شہزادی سمیت دیگر پر اینٹی کرپشن نے مقدمہ درج کیا، مقدمے کے مطابق فرح شہزادی نے کرپشن اور سرکاری خزانے کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا، فرح شہزادی تفتیش میں شامل نہیں ہوئی۔ فرح شہزادی بیرون ملک ہے اور اشتہاری ہو چکی ہے، فیصلے میں کہا گیا کہ فرح شہزادی پر جب مقدمہ درج کیا گیا اس وقت دونوں بچوں کی عمریں سولہ سال سے کم تھیں، بچوں کا نام پی ایس ایل لسٹ میں رکھنے کا جواز نہیں ہے۔ عدالت نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے فیصلے کا ذکر کیا۔