اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ٹیکس ریٹرن فائل نہ کرنے والوں کی موبائل سمز بلاک کرنے کی ایف بی آر کی تجویز کی مخالفت کر دی۔ پی ٹی اے نے ایف بی آر کو خط لکھ کر کہا ہے کہ وہ قانونی طور پر سمیں بندکرنے کے اس حکم پر عمل کرنے کے پابند نہیں اور سم بلاک کرنے کا عمل ہمارے فریم ورک سے مطابقت نہیں رکھتا۔ پی ٹی اے نے خط میں کہا پاکستان میں صرف 27 فیصد خواتین اپنے نام پر نکالی گئی سمیں استعمال کرتی ہیں اور باقی خواتین اور بچے خاندان کے مرد حضرات کے نام پر سمیں استعمال کرتے ہیں۔ موبائل سم بند کرنے سے ای کامرس اور ٹرانزیکشز کا عمل بھی متاثر ہو گا۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ایف بی آر کی جانب سے سم بند کرنے کی درخواست کو مسترد کر کے کوئی اور لائحہ عمل پیش کرنے کی تجویز دی ہے۔ ایف بی آر نے 5 لاکھ 6 ہزار سے زائد افراد کی موبائل سم بند کرنے کیلئے انکم ٹیکس جنرل آرڈر جاری کیا تھا۔ ایف بی آر کے مطابق ان افراد کی آمدن انکم ٹیکس ریٹرنز فائل کرنے کے قابل ہے لیکن یہ افراد انکم ٹیکس ریٹرنز فائل کرنے کے قابل ہونے کے باوجود فائل نہیں کر رہے، یہ افراد ایف بی آر ایکٹو ٹیکس پیئرلسٹ میں شامل نہیں لہٰذا انکم ٹیکس ریٹرنز فائل نہ کرنے والوں کے موبائل فون کنکشن کسی بھی وقت بند کیے جا سکتے ہیں۔
پی ٹی اے کا نان فائلرز کی سمیں بلاک کرنے سے انکار، ایف بی آر کی درخواست مسترد
May 05, 2024