باکسر عامر خان کو  پاک فوج نے ایک دن کیلئے اعزازی کیپٹن کے رینکس لگا ئے 

May 05, 2024

اسلام آباد( خبرنگار خصوصی ) پاکستان میں کھیلوں کے حوالے سے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ اورآگے بڑھنے کی لگن موجود ہے کھیلوں میں بین الاقوامی سطح پر بہت سے نوجوانوں نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کیا پاک فوج نے ہر شعبہ زندگی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی ہے اسی بات کو مد نظر رکھتے ہوئے عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان کو باکسنگ کے میدان میں کامیابیوں کے اعتراف میں پاک فوج میں کیپٹن کے اعزازی رینکس لگائے گئے باکسنگ کے میدان میں کامیابیوں کو سراہتے ہوئے ایک پروقار تقریب میں باکسر عامر خان کو اعزازی کیپٹن کے رینکس لگائے گئے عامر خان نے اپنے شاندار کیریئر میں بے شمار کامیابیاں سمیٹیں، 2004 کے اولمپکس مقابلوں میں لائٹ ویٹ کیٹیگری میں صرف 17 سال کی عمر میں چاندی کا تمغہ جیتا  اعزازی کیپٹن کا رینک لگانے  کے بعد باکسر عامر خان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ہمیشہ کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے، آج یہ اعزاز ملنے کے بعد میں فخر محسوس کر رہا ہوں" پاک فوج کا یونیفارم پہن کر اور رینکس لگا کر وہی خوشی محسوس کر رہا ہوں جیسی خوشی مجھے عالمی چیمپئن بننے پر محسوس ہوئی تھی،پاک فوج کو ہمیشہ سپورٹ کیا ہے کیونکہ یہ ہمارا فخر ہے، آج یہ یونیفارم پہن کر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں،پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا، پاکستانی نوجوانوں کو کھیلوں میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینا چاہئے،میرا ارادہ ہے کہ پاکستان میں مزید باکسنگ اکیڈمیز کھولی جائیں اور نوجوان باکسرز کی تربیت کی جائے، ایک دن ہم انشا اللہ کامن ویلتھ اور اولمپکس میں تمغے جیتیں گے،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات ہوئی، میں پاک فوج کا شکرگزار ہوں جس نے میری عزت افزائی کی،ہم جب بھی پاکستان آتے ہیں پاک فوج کی وجہ سے خود کو بہت محفوظ محسوس کرتے ہیں،میرا نوجوانوں کو پیغام ہے کہ فوکس رہیں اور محنت کریں اور خود اعتمادی پہ یقین رکھیں،تقریب کے اختتام پر باکسر عامر خان پاکستان آرمی کے جوانوں اور افسروں کے ساتھ گھل مل گئے اور وقت گزارا۔

مزیدخبریں