اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے نائجر کے وزیر خارجہ نے ملاقات کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے گیمبیا کے شہر بنجول میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے 15ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر اپنے نائیجیرین ہم منصب باکاری یا سنگرے کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کی۔ دونوں وزرا نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اور دوطرفہ بات چیت اور خاص طور پر اقتصادی شعبہ میں دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نے او آئی سی کے فریم ورک کے اندر رابطہ کاری پر بھی تبادلہ خیال کیا اور او آئی سی کے اندر اور اس سے آگے کے اجتماعی مفاد کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے مختلف علاقائی اور بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر نائیجر کی جانب سے پاکستان کی حمایت اور جموں و کشمیر تنازعہ پر اس کے اصولی موقف کو سراہا۔ وزیر خارجہ باکاری یا سنگرے نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے موقف کے ساتھ یکجہتی پر زور دیتے ہوئے تنازعہ کشمیر پر نائجر کے مستقل موقف کا اعادہ بھی کیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے ملاقات کی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے دو طرفہ ملاقات کی، ملاقات گیمبیا کے شہر بنجول میں 15 ویں او آئی سی اسلامی سربراہی کانفرنس کے موقع پر ہوئی۔ اسحاق ڈار نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ سٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات کی اہمیت کا ذکر کیا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان میں اقتصادی تعاون اور سعودی سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا، وزیر خارجہ نے "ویژن 2030"ء کی تعریف کی، ویژن کا مقصد 21ویں صدی میں مملکت کی سماجی و اقتصادی تبدیلی ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں حالیہ پیش رفت پر گہری تشویش کا اظہار کیا، دونوں وزرائے خارجہ نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے فلسطین اور کشمیر کے حالات سمیت امت مسلمہ کے مسائل پر او آئی سی کے اہم کردار کو بھی نوٹ کیا۔ دریں اثناء وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مصر کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزراء خارجہ نے پاکستان اور مصر کے تعلقات کے مختلق پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ اسحاق ڈار نے غزہ کو انسانی امداد کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے میں مصر کے اہم کردار کو سراہا۔ پاکستان اور کویت کے وزراء خارجہ نے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کیلئے مصروفیات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اسحاق ڈار نے کویت کے ساتھ تعلقات کو اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے پر زور دیا۔ فریقین نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور غزہ میں اسرائیل کی جاری جنگ کی مذمت کی۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ غزہ کیلئے امداد کی بلاتعطل ترسیل میں سہولت فراہم کرے۔
اسحاق ڈا کی سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات، اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری بڑھانے کے عزم کا اعادہ
May 05, 2024