اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستانی بزنس کمیونٹی ایتھوپیا میں دستیاب کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھائے،سفیر جمال بیکر عبداللہ پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبد اللہ نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا اور صدر ثاقب رفیق اور دیگر عہدے داران اور چیمبر ممبران سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سفیر نے پاکستان کی کاروباری برادری کے لیے ایتھوپیا میں دستیاب کاروباری مواقع کے بارے میں تفصیلی پریذینٹیشن دی۔ سفیر جمال بیکر نے کہا کہ فارما سیئوٹیکل ، توانائی ، آئی ٹی اور الیکٹرک اور آٹو سیکٹر میں باہمی منصوبوں کے لیے بہترین موقع ہے اور سرمایاکاروں کو مکمل تحفظ دیا جائے گا۔ سفیر نے بتایاکہ26 مئی کو ایتھوپیا میں انٹرنیشنل ایکسپو کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔ ایتھوپیا ائیر لائین پہلے ہی کراچی سے ایتھوپیا کی 4 پروازیں فنکشنل ہیں اور اب جلد ہی لاہور اور اسلام اباد سے بھی پروازیں فنکشنل ہونگی۔ثاقب رفیق نے سفیر کو چیمبر کی جاری سرگرمیوں پر مختصر بریفنگ دی ، انہوں نے کہا کہ پاکستان لک افریقہ پالیسی کے تحت افریقی ممالک کے ساتھ تجارت کو ترجیح دے رہا ہے، انہوں نے براہ راست پروازوں، بینکنگ کے شعبے میں بہتری اور معلومات کے تبادلے پر زور دیا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر محمد حمزہ سروش، نائب صدر فیصل شہزاد، سابق صدور اور چیمبر ممبران بھی موجود تھے۔