شر پسندوں کی آمد روکنے اور شہریوں کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ نے کراچی کے داخلی اور خارجی راستوں پر خاردار تاروں کی باڑ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ خاردار تاروں کی باڑ ناردرن بائی پاس پر لگائی جائے گی۔اس سلسلے میں سندھ کے آئی جی غلام نبی میمن کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ سینٹرل پولیس آفس میں ہونے والے اجلاس کے شرکا میں ڈی آئی جیز اور اے آئی جیز بھی شامل تھے۔ اجلاس کا مقصد عیدالاضحیٰ کی آمد پر سیکیورٹی سے متعلق معاملات کا جائزہ لینا تھا۔سندھ کے آئی جی نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ شہر کے داخلی اور خارجہ راستوں کی نگرانی سخت کرنے کا مقصد یہ ہے کہ کسی کو غیر قانونی طور پر شہر میں داخل نہ ہونے دیا جائے اور یہاں جرائم میں ملوث افراد کو فرار ہونے سے روکا جائے۔انہوں نے پولیس کو چیک پوائنٹس بناکر سخت نگرانی کی ہدایت کی اور شہر کے داخلی راستوں کی عکس بندی یقینی بنانے پر بھی زور دیا جائے۔ ساتھ ہی ساتھ آئی جی نے شہر میں سیکیورٹی کا نظام بنانے کی خاطر سڑکوں پر باڑ لگانے سے متعلق بھی تجاویز طلب کیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز کو ہدایت کی گئی کہ مقامی طور پر سیکیورٹی بہتر بنانے کے لیے تمام علاقوں میں چیک پوائنٹس بنائیں اور اسنیپ چیکنگ یقینی بنائیں۔ گزشتہ برس شہر کے باہر لگائی جانے والی مویشی منڈی جانے اور وہاں سے واپس آنے والوں کو مختلف مقامات پر لُوٹنے کے متعدد واقعات رونما ہوئے تھے۔
شہریوں کی سلامتی کیلئے کراچی کے داخلی راستوں پر باڑ لگانے کا فیصلہ
May 05, 2024 | 14:19