ای سگریٹس کا استعمال خواتین میں بانجھ پن کا خطرہ بڑھاتا ہے، تحقیق

الیکٹرونک (ای) سگریٹس کا استعمال خواتین کو بانجھ پن کا شکار بنا سکتا ہے۔یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔لندن کالج یونیورسٹی کی تحقیق میں پہلی بار ای سگریٹس کے استعمال اور خواتین میں بانجھ پن کے خطرے کے درمیان تعلق کو ثابت کیا گیا۔اس تحقیق میں 3 لاکھ 25 ہزار ایسی خواتین کے خون کے نمونوں کا تجزیہ کیا گیا تھا جو ماں بننے کی خواہشمند تھیں۔ان خواتین کے طرز زندگی کا جائزہ بھی کئی ماہ تک لیا گیا تھا۔ان خواتین میں 22 فیصد ای سگریٹس استعمال کرنے کی عادی تھیں جبکہ 27 فیصد تمباکو نوشی کرتی تھیں، 7 فیصد منشیات جبکہ 40 فیصد الکحل استعمال کرتی تھیں۔تحقیق کے دوران انکشاف ہوا کہ عام سگریٹ یا ای سگریٹ کا استعمال کرنے والی خواتین کے ہارمونز میں ایسی تبدیلیاں آتی ہیں جو بانجھ پن کا باعث بن سکتی ہیں۔محققین نے بتایا کہ خواتین کے لیے ہمارا مشورہ ہے کہ اگر وہ ماں بننا چاہتی ہیں تو اس عادت سے چھٹکارا پانے کی کوشش کریں۔انہوں نے کہا کہ ماں بننے کی خواہشمند خواتین کو منشیات، ای سگریٹس، سگریٹ یا الکحل سے مکمل گریز کرنا چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ پہلی بار شواہد سے ای سگریٹس کے استعمال سے بانجھ پن کے خطرے کو ثابت کیا گیا ہے۔ایک تخمینے کے مطابق برطانیہ میں 15 سال کی عمر کی 40 فیصد لڑکیاں ای سگریٹس استعمال کرتی ہیں، جس کی روک تھام کے لیے حکومت کی جانب مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں

ای پیپر دی نیشن