ہوجن تاﺅ دنیا کی بااثر ترین شخصیت قرار، اوباما کا دوسرا نمبر

واشنگٹن+نیویارک (اے ایف پی+جی این آئی+ریڈیو مانیٹرنگ) مشہور بین الاقوامی جریدے فوربز نے 2010ءمیں دنیا کی با اثر ترین شخصیات کی فہرست جاری کردی ہے جس کے مطابق چینی صدر ہوجن تاﺅ دنیا کی با اثر ترین شخصیت قرار دے دیئے گئے ہیں۔ اس فہرست میں چینی صدر نے امریکی صدر بارک اوباما کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے جو دنیا کے دوسری بااثر شخصیت قرارپائے ہیں۔ اس فہرست میں سعودی فرمانروا عبداللہ بن عبدالعزیز تیسرے، روسی وزیراعظم ولادی میر پیوٹن چوتھے اور پوپ بینیڈکٹ XVI پانچویں نمبرپر موجود ہیں۔ بھارت کی حکمراں پارٹی کی سربراہ سونیا گاندھی بھی اس فہرست میں نویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ دسواں نمبر مائیکرو سوفٹ کے بانی بل گیٹس کے حصے میں آیا ہے۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو دنیا کی 38 ویں طاقت ور ترین شخصیت قرار دیا۔ بھارتی ارب پتی مکیش امبانی کو 34 ویں اور فیس بک کے بانی مارک زوکر برگ 40 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون اہم ترین عہدے کے باوجود فیس بک کے بانی سے بھی پیچھے ہیں ان کا نمبر 41 واں ہے۔ القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن کا کسی کو اتا پتہ نہ ہونے کے باوجود طاقتور ترین شخصیات کی فہرست میں رکھا گیا ہے اور ان کا نمبر 57 ہے۔

ای پیپر دی نیشن