لاہور+کراچی+پشاور (خبرنگار+نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) پی آئی اے کی بعداز حج آپریشن میں بدنظمی برقرار ہے، گزشتہ روز بھی 32 میں سے ایک بھی پرواز بروقت وطن واپس نہ آسکی جبکہ پشاور آنیوالی پرواز ریکارڈ 27 گھنٹے تاخیر سے وطن واپس آئی۔ تفصیلات کے مطابق پروازوں میں تاخیر کے باعث مسافروں اور منتظر اہل خانہ کو شدید پریشانیوں کا سامنا ہے۔ گزشتہ روز 32حجاج پروازوں کے ذریعے 14000 حجاج کی وطن واپسی ہوئی۔ جدہ سے لاہور آنے والی پی کے 760 تین گھنٹے اور کراچی سے ریاض جانے والی پی کے 729 تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں۔ دبئی سے پشاور آنے والی پی کے 284 چار گھنٹے، کراچی سے اسلام آباد آنے والی پی کے 300 تین گھنٹے اور پشاور سے کراچی جانے والی پی کے 351 بھی چار گھنٹے تاخیر کا شکار رہی۔ باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور کے حکام کے مطابق نجی ائرلائن کی ایک پرواز جسے ہفتے کی صبح 5 بجکر 15 منٹ پر پشاور پہنچنا تھا تقریباً 27 گھنٹوں کی تاخیر سے اتوار کی صبح 8 بجے پشاور پہنچی۔ ائیرپورٹ پر حجاج کے رشتہ دار شدید پریشانی سے دوچار رہے۔ جبکہ پی آئی اے کے ایم ڈی محمد جنید یونس نے کہا ہے کہ حج پروازوں کی بروقت واپسی شروع کر دی گئی ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے نے حاجیوں کی واپسی کے لئے نجی ایئرلائن کو بوئنگ 777 دینے کا مشورہ بھی دیا ہے۔ شاہین ائرلائنز کی کراچی سے آنےوالی اور کراچی جانے والی پروازیں 144 اور 145 منسوخ کر دی گئیں۔ ائر بلیو کی دبئی سے آنے والی پرواز 5 گھنٹوں کی تاخیر سے لاہور پہنچی۔ پی آئی اے کی مسقط جانے والی پرواز سوا گھنٹے اور ائر بلیو کی شارجہ جانے والی پرواز پونے دو گھنٹہ کی تاخیر سے روانہ ہوئیں کراچی سے آنے والی ائربلیو کی پرواز 406 ڈھائی گھنٹے تاخیر سے پہنچی۔