شیخوپورہ(نامہ نگار خصوصی)تحریک منہاج القرآن کے سربراہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ موجودہ کرپٹ جمہوری نظام ملک و قوم کا سب سے بڑا دشمن ہے جعلی جمہوریت نے عوام کے حقوق سلب کررکھے ہیں یہاں مصر، تیونس، لیبیا اور ایران جیسے انقلاب کی اشد ضرورت ہے۔ عوام کو اب اس ملک، قانون، انصاف، تحفظ اور جمہوریت کی خاطر اس سسٹم کے خلاف اعلان بغاوت کرنا ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل ہال میں منعقدہ منہاج القرآن کنونشن سے ویڈیو خطاب کے ذریعے کیا، اس موقع پر مرکزی قائد غلام مرتضیٰ علوی،چوہدری ریاست علی چدھڑ، ضلعی صدر میجر میاں سرفراز احمد، عبدالحمید مصطفوی، عرفان مشتاق، آصف جاوید بھٹی، محمد یاسر، شیخ محمد طیب طاہر، عاصم کمبوہ، طیب مصطفوی، حفیظ اللہ اور ناظمہ ویمن لیگ نورین علوی سمیت مقامی عہدیداران و کارکنان کے علاوہ دیگر شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ نمائندہ افراد کی بڑی تعداد موجود تھی، پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ اگر قوم اپنا مقدر بدلنا چاہتی ہے تو اسے اعلان بغاوت کرنا ہوگا تاکہ ملک اور جمہوریت محفوظ رہ سکیں، تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے اپنے خطاب میں کہا کہ 23دسمبر کا دن ملکی تاریخ میں نیا باب رقم کرے گا اور لوگ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے تبدیلی کی تحریک کا باضابطہ آغاز کریں گے جس کیلئے ملک و بیرون ملک سے لاکھوں افراد مینار پاکستان کے سائے تلے جمع ہوں گے، تقریب سے علامہ غلام ربانی، تیمور عبدالحمید مصطفوی، محترمہ منیر فاطمہ اور محترمہ نورین علوی نے بھی خطاب کیا۔
پاکستان میں مصر، تیونس، لیبیا اور ایران جیسے انقلاب کی ضرورت ہے: طاہر القادری
Nov 05, 2012