لاہور (اپنے نمائندے سے) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سنیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور اس کے اتحادیوں نے پونے پانچ سالوں میں صرف اپنی تجوریاں بھریں اور عوام کو مہنگائی، لاقانونیت اوربیروزگاری کے تحفے دیئے، یہ کس منہ سے عوام کے پاس جائیں گے۔ چیف جسٹس نے درست کہا کہ تاریخ موجودہ حکمرانوں کو معاف نہیں کرے گی، بلوچستان اور سندھ میں سیاسی قیادت کے علاوہ عسکری قیادت کو بھی سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔ مختلف وفود سے گفتگوکرتے ہوئے بلوچستان میں آئینی اور انتظامی بحران کے حل کیلئے عدالتی فیصلے پر حکومت کی مزاحمتی پالیسی کے منفی نتائج نکلیں گے، کچھ لوگ جان بوجھ کر اس بحران میں شدت لا رہے ہیں اور اسے انتخابات کے تاخیری حربے کے طورپر بھی استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور بعض سیاست دانوں سے فرمائشی بیانات بھی دلوائے جا رہے ہیں کہ بلوچستان میں آگ لگی ہوئی ہے، کراچی خون میں نہا رہا ہے، امن و امان کی خراب صورتحال میں انتخابات کا پرامن انعقاد ممکن نہیں۔
پیپلز پارٹی اور اتحادیوں نے صرف اپنی تجوریاں بھری ہیں: ساجد میر
Nov 05, 2012