کراچی (بی بی سی ڈاٹ کام+ اے پی پی+ این این آئی) چیف الیکشن کمشنر نے سندھ اسمبلی کی رکن وحیدہ شاہ کو دو سال کے لئے نااہل قرار دے دیا ہے۔ جسٹس (ریٹائرڈ) فخرالدین جی ابراہیم نے ہفتے کے روز کراچی میں عوامی نمائندگی کے قانون مجریہ انیس سو چھہتر کی شق چھیاسی کے تحت وحیدہ شاہ کی نااہلی کا اعلان کیا۔ وحیدہ شاہ کو اس سال سولہ فروری کو سندھ کے ضمنی انتخابات کے دوران ٹنڈو محمد خان کے ایک پولنگ سٹیشن کی پریذائڈنگ افسر حبیبہ میمن اور ان کے عملے پر ہاتھ اٹھانے کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔ بعد ازاں سات مارچ کو الیکشن کمیشن نے سندھ اسمبلی کے حلقہ تریپن کے انتخابات کو کالعدم ٹھہراتے ہوئے انہیں دو سال کے لئے نااہل قرار دے دیا تھا۔ جب یہ کیس سندھ ہائی کورٹ میں پیش ہوا تو عدالت نے وحیدہ شاہ کی سزا تو برقرار رکھی البتہ یہ کہہ کر نااہلی ختم کر دی کہ متعلقہ قانون کے تحت اس کا اختیار صرف چیف ایکشن کمشنر کے پاس ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے مقدمے کی سماعت کے بعد چوبیس اکتوبر کو فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ ہفتے کے روز انہوں نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا وحیدہ شاہ نے انتخابی عمل اور جمہوریت پر اعتماد کو زک پہنچائی ہے۔ انہوں نے مزید کہا اگر امیدواروں کو انتخابی عملے کو دھکیلنے اور ان پر دباﺅ ڈالنے کی کھلی چھٹی دے دی گئی تو انتخابات اور ان کے نتائج دونوں مذاق بن کر رہ جائیں گے۔ اس لئے ایسے رویے کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
2 سال نااہلی کی سزا برقرار‘ وحیدہ شاہ نے انتخابی عمل کو زک پہنچائی : چیف الیکشن کمشنر
Nov 05, 2012