لاﺅس (نوائے وقت نیوز+این این آئی) آج سے شروع ہونے والے ایشیا یورپ سربراہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کے لئے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف لاﺅس کے دارالحکومت وین تیان پہنچ گئے اس اجلاس میں 46 ممالک سے سربراہان ممالک اور نمائندے شرکت کریں گے۔ توقع ہے کہ وزیراعظم ایشیا یورپ سربراہ اجلاس کے موقع پر مختلف عالمی رہنماﺅں سے ملاقاتیں کریں گے۔ ایشیا یورپ سربراہ ا جلاس کی بنیاد 1999ءمیں ایشیا اور یورپ کے 26 ممالک نے رکھی۔ اجلاس کا بنیادی مقصد امن و استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لئے تعاون کو فروغ دینا ہے۔لاﺅس روانگی کے موقع پر اسلام آباد ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ایشیا یورپ میٹنگ سمٹ (آسم) اہم فورم ہے، ہماری توجہ سماجی اقتصادی مسائل اور ان کے حل کی طرف مرکوز ہو گی، عالمی رہنماﺅں کو ملاقاتوں کے دوران پاکستان کو درپیش چیلنجوں اور نمٹنے کیلئے اقدامات سے آگاہ کرونگا ۔آسم ایک اہم فورم ہے جہاں ایشیا اور یورپ سے رہنما شرکت کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آسم کے اجلاسوں میں باقاعدہ سے موثر انداز میں شرکت کررہا ہے اور 2006ءسے اس فورم کا ممبر ہے۔ آسم کے 51 ارکان ہیں اور یہ فورم اور اس میں شامل ممالک پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ عالمی رہنماﺅں کو ملاقاتوں کے دوران پاکستان کو درپیش چیلنجوں اور ان سے نمٹنے کیلئے اقدامات سے آگاہ کریں گے۔ لاﺅس ایک اہم جگہ ہے اور یہ اہم علاقائی ملک ہے جس کے پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔ دورے کے دوران اس کے لیڈروں سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کیلئے بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ لاﺅس سے قریبی دوستانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی، عالمی امور کے معاملے پر دونوں ممالک میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ اجلاس میں سماجی، معاشی امور پر بحث کی جا ئے گی۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اجلاس کے دوران فن لینڈ کے صدر، یورپی کونسل کے صدر، ملائیشیا کے وزیراعظم ، لاﺅس کے وزیراعظم، انڈونیشیا کے صدر، روس کے وزیراعظم، آسٹریلیا کے وزیراعظم اور سویڈن کے وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق ایشیا یورپ سربراہ اجلاس کے موقع پر فن لینڈ، ملائیشیا، روس، آسٹریلیا کے اپنے ہم منصوبوں اور انڈونیشیا کے صدر سوسیلو بمبانگ سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔ آسیان تنظیم میں باون ممالک شامل ہیں۔ پاکستان 2006ءمیں تنظیم کا رکن بنا۔ وزیراعظم نے کہا پاکستان اور لاﺅس کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات ہیں اہم علاقائی اور عالمی امور پر دونوں ممالک میں ہم آہنگی پانی جاتی ہے۔ آسم تنظیم یورپ اور ایشیا میں قریبی رابطے کا ذریعہ ہے، آسم تنظیم میں پاکستان نے ہمیشہ موثر کردار ادا کیا۔