لاہور (خبر نگار) ممبر قومی اسمبلی خواجہ آصف نے کہا ہے عمران خان دن میں خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔ نام نہاد سونامی کا حال دنیا دیکھ چکی ہے اور زرداری کی بی ٹیم کو بھی پہچان چکی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا عمران خان نوجوانوں کو یہ کہہ کر کہ آگے اندھیرا ہے ‘ نوجوانوں میں مایوسی اور خوف پھیلا کر اپنی جانب مائل کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا حقیقت یہ ہے کہ عمران خان زرداری کی زبان بول رہے ہیں اور ان محب وطن قوتوں کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں جو ملک کو تاریخ کی بدترین کرپٹ حکومت اور حکمرانوں سے نجات دلا کر اسے ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا عوام کے درد کا نعرہ لگانے والے عمران خان یہ بتانا پسند کریں گے کہ سیلاب کے دنوں میں وہ کہاں تھے اور جب پوری قوم سنت ابراہیمیؑ ادا کر رہی تھی تو وہ امریکہ میں کیا کر رہے تھے؟ انہوں نے کہا عمران کا امریکہ میں داخلے کے لئے مک مکا عوام پر آشکار ہو چکا ہے۔ ڈرون حملوں کے خلاف مظاہروں سے تائب ہونے کا فیصلہ عمران کے دعوﺅں کے برعکس ہے اور اسی لئے امریکہ نے انہیں چندہ وصول کرنے کی اجازت دی۔