کوئٹہ (بی بی سی اردو+ آئی این پی+ اے این این) ضلع کیچ کے علاقہ تربت میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ کیچ کی ضلعی انتظامیہ نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ غیرقانونی طور پر ایران جانے کے خواہشمند تین افراد سندیلو میں ایک ٹرانسپورٹ کمپنی کے دفتر میں بیٹھے ہوئے تھے۔ موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں تینوں افراد جاں بحق ہو گئے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دو کا تعلق پنجاب کے علاقے ڈیرہ غازی خان جبکہ ایک کا تعلق گوجرانوالہ سے تھا۔ انتظامیہ کے مطابق یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہے۔ کوئٹہ کے علاقے اے ون سٹی بروری روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔ سریاب روڈ پر زید ہسپتال کے ڈاکٹر ابوبکر نے اپنی بیوی ڈاکٹر طیبہ کو گلا دبا کر اور جسمانی تشدد کر کے ہلاک کر دیا۔