لاہور(سپورٹس رپورٹر) چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاری کے لیے لاہور میں جاری تربیتی کیمپ میں ڈسپلن کی خلاف ورزی پر فل بیک محمد عرفان کو فارغ کر دیا گیا۔ محمد عرفان ٹیم منجمنٹ سے چھٹی لیکر محمد زبیر کی شادی پر گئے تھے اور مقررہ وقت تک کیمپ میں رپورٹ نہیں کر سکے اس سے قبل بھی ٹیم مینجمنٹ کو محمد عرفان سے ڈسپلن کے حوالے سے شکایات تھیں۔ محمد عرفان نے ہفتہ کے روز تربیتی کیمپ کے دوشیشنز میں حصہ نہیں لیا تھا۔ ذرائع کے مطابق محمد عرفان نے ہفتہ کی رات بارہ بجے ٹیم مینجمنٹ کو رپورٹ کی تھی تاہم مینجمنٹ نے انہیں قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے اسے واپس چلے جانے کا پروانہ تھما دیا۔ آسٹریلیا میں ہونے والے دو ہاکی ٹورنامنٹس کی تیاری کے لیے قومی ہاکی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ ایک روز کے وقفہ کے بعد آج دوبارہ شروع ہوگا۔ پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ و منیجر اختر رسول نے کہا کہ ڈسپلن کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایم عرفان چیمپئنز ٹرافی اور انٹرنیشنل سپر سیریز میں بھی اب ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں کے لیے ایک ضابطہ اخلاق مرتب کیا گیا ہے جس کی کسی کو خلاف ورزی نہیں کرنے دی جائے گی۔