لاہور (نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین خالد محمود نے وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ساتھ کرکٹ تعلقات کی بحالی کا کریڈٹ موجودہ چیئرمین کو جاتا ہے تاہم صرف کرکٹ کیلئے قومی عزت و وقار پر آنچ نہیں آنی چاہئے۔ کرکٹ تعلقات کی بحالی کیلئے ہمیں کوئی ایسی تجویز نہیں دینی چاہئے اور ایسی بات چیت سے گریز کرنا چاہئے جس سے عزت، وقار پر حرف آئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر جگہ صرف ایک ہی ملک سے کرکٹ کھیلنے کی رٹ نہیں لگانی چاہئے۔ سلیم ملک کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سابق کپتان ایک اچھے بلے باز ضرور ہیں تاہم بحیثیت کوچ وہ اچھا نمونہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو کوچنگ کی ضرورت کلب کی سطح اور ڈومیسٹک کرکٹ کی سطح پر ہوتی ہے، بین الاقوامی سطح پر کھلاڑی کو کوچنگ کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو سکھانے والا اگر عمران خان جیسن کوچ ہو تو وہ خوشی سے سیکھیں گے کیونکہ کھلاڑی یہ بھی دیکھتے ہیں کہ انہیں سکھانے والا کون ہے۔
بھارت کے ساتھ کرکٹ میں قومی وقار پر آنچ نہیں آنی چاہئے: خالد محمود
Nov 05, 2012