پیرس ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ میں مینز سنگلز کا ٹائٹل سپین کےڈیوڈ فیرر نے جیت لیا، جبکہ بلغاریہ ویمن ٹینس ٹورنامنٹ روس کی نادیہ پیٹرووا نے جیت لیا۔

Nov 05, 2012 | 17:27

خصوصی رپورٹر


فرانس میں ہونے والے بی این پی پیرس ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں سپین کےڈیوڈ فیرر اور پولینڈ کے جیرزی جانووِچ آمنے سامنے ہوئے۔ جیرزی جانووِچ اس ٹورنامنٹ میں متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہنچے، تاہم فائنل میں وہ سپین کے ڈیوڈ فیرر کی زوردار شاٹس کا سامنا کرنے میں ناکام رہے۔ سپینش ڈیوڈ فیرر نے حریف کو سٹریٹ سیٹس میں چھ چار اور چھ تین سےشکست دے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
اپنے کیرئر میں پہلی مرتبہ یہ ٹائٹل حاصل کرنے پر ہسپانوی کھلاڑی کا کہنا تھا کہ یہ ان کی زندگی کا خواب تھا جو پوراہوگیاہے۔ ادھر مینز ڈبلز کے ایونٹ میں پاکستانی سٹار اعصام الحق اور ان کے ڈچ پارٹنر فائنل میں بھارتی مہیش بھوپاتی اور روہن بوپنا سے ہارگئے۔ دوسری جانب بلغاریہ میں ہونے والے ٹورنامنٹ آف چیمپئنز کے فائنل میچ میں روس کی نادیاپیٹرووا اور ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی مدمقابل ہوئیں۔ روسی کھلاڑی نے شاندار کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے ٹاپ سیڈڈ کیرولین ووزنیاکی کو سٹریٹ سیٹس میں چھ دو اور چھ ایک سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔
روسی کھلاڑی کایہ اپنے کیرئر کا تیسرا ٹائٹل ہے۔ کامیابی کے بعد انہیں دولاکھ ستر ہزار ڈالر کی انعامی رقم کا چیک بھی دیاگیا جبکہ خواتین کی عالمی درجہ بندی میں بھی ترقی کرکے بارہ ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔

مزیدخبریں