الیکشن کمشن نے اپنے افسران سے مالی اثاثوں کی تفصیلات طلب کرلیں 8 ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنروں کے تبادلے، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد (ایجنسیاں + نوائے وقت نیوز) الیکشن کمشن آف پاکستان نے اپنے افسران کے مالی اثاثوں کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ میڈیا رپو رٹ کے مطا بق الیکشن کمشن نے اپنے گزٹیڈ افسران سے انکی آمدنی کے ذرائع طلب کر لئے ہیں۔ رپو رٹ کے مطابق اثاثوں کی تفصیلات کابینہ ڈویژن کو بھجوائی جائیگی۔ الیکشن کمشن افسران کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کرنے کا سرکلر جاری کردیا گیا۔ جاری کردہ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمشن کے افسران اپنی آمدنی کے ذرائع اور اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائیں، دوسری جانب الیکشن کمشن نے پنجاب کے آٹھ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرکا تبادلہ کر دیا ہے اور اس سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔ ڈی ای سی بہاولنگر محمد یونس شمس کا تبادلہ بھکر کر دیا گیا جبکہ ڈی ای سی بھکر باسط علی کا قصور، ڈی ای سی سرگودھا محمد سلیم کا تبادلہ بطور ڈی ای سی وہاڑی، ڈی ای سی وہاڑی عامر اشفاق کا تبادلہ ملتان، ڈی ای سی ملتان زاہد اقبال کو مظفرگڑھ، ڈی ای سی مظفرگڑھ حماد اعجاز کو سرگودھا ڈی ای سی حافظ آباد، ندیم قاسم کو گوجرانوالہ میں تعینات کردیا گیا ہے جبکہ ڈی ای سی گوجرانوالہ عامر جاوید کا تبادلہ حافظ آباد کر دیا  گیا۔ الیکشن کمشن نے ہدایت کی ہے کہ تمام تبادلوں پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن