آلو 100، ٹماٹر 150 روپے کلو ہوگیا، غریب کیلئے ہانڈی پکانا دوبھر

لاہور (کامرس رپورٹر) ضلع انتظامیہ کی جانب سے اشیاء خورو نوش کی قیمتوں کی گراں فروشی روکنے کے لئے مؤثر اقدام نہ کئے جانے کے باعث گزشتہ روز لاہور کے بیشتر علاقوں میں دکانداروں نے پرچون سطح پر ایک کلو آلو 100 روپے میں فروخت کئے جبکہ سرکاری طور پر ایک کلو آلو کی قیمت 76 روپے مقرر تھی۔ اسی طرح ایک کلو ٹماٹر کی قیمت 108 روپے مقرر تھی لیکن دکاندار ایک کلو ٹماٹر کی قیمت 150 روپے وصول کرتے رہے اور ایک کلو پیاز 56 روپے کی بجائے 60 سے 65 روپے میں فروخت کیا گیا۔ دریں اثناء فلور ملوں نے گزشتہ روز 84 کلو میدہ فائن کی بوری اور 84 کلو سپیشل آٹا کی  بوری کی قیمت میں 50 روپے اضافہ کر دیا جس کے بعد میدہ فائن کی بوری کا ریٹ 3900 روپے اور سپیشل آٹا کی بوری 3700 روپے ہو گیا۔  ذرائع کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافے کے باوجود حکومت پنجاب نے فلور ملوں کو 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں اضافے کی اجازت نہیں دی جس پر فلور  ملز ایسوسی ایشن نے میدہ، فائن اور سپیشل آٹا کی بوری کی قیمت میں اضافہ کر کے کسر پوری کرلی۔ دریں اثناء کراچی میں رٹیل مارکیٹ میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 160 روپے تک پہنچ گئی۔ منڈی ذرائع ک یمطابق سندھ کے ضلع ٹھٹھہ، بدین اور ملیر میں ٹماٹر کی فصلیں مور نامی بیماری کیڑا لگنے کے باعث بری طرح متاثر ہوئیں۔ دوسری جانب ذخیرہ اندوزوں نے بھی مصنوعی قلت پیدا کرکے ٹماٹروں کی قیمت بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ای پیپر دی نیشن