اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان نے غیر معمولی پیشرفت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد میں متعین بھارت کے ملٹری اتاشی کو فوجی مشقوں عزم نو چہارم کی اختتامی تقریب میں مدعو کیا۔ اس موقع پر مسلح افواج کی طرف سے شاندار فائر پاور کا مظاہرہ کیا گیا۔ بھارت کے ملٹری اتاشی بریگیڈئر ٹھکرال نے اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ پاکستان نے اپنے خلاف بھارت کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے کیلئے تیاریاں کر رکھی ہیں اور ان کی فوجی ا ستعداد کیا ہے۔ انہوں نے اپنے موبائل فون کے ویڈیو کیمرے کی مدد سے مشقوں کے ہر لمحہ کی عکس بندی کی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان نے فیلڈ فوجی مشقوں میں دشمن ملک کے ملٹری اتاشی کو مدعو کیا جب کہ بھارت نے کسی پاکستانی فوجی مبصر کو کبھی مدعو نہیں کیا۔ بھارتی بریگیڈئر بذلہ سنج اور شگفتہ مزاج شخصیت ثابت ہوئے۔ دیگر غیر ملکی فوجی اتاشیوں نے بھی ان کی خوب چھیڑ بنائے رکھی۔ جب بھی کسی مہلک ہتھیار کے فائر کا مظاہرہ ہوتا یا مبصر اعلان کرتا کہ پاکستان کی بہادر افواج دشمن کے بخیے ادھیڑ دیں گی تو ان کے ساتھ بیٹھے برطانوی اور دیگر یورپی ملٹری اتاشی بھارتی بریگیڈئر کو مذاق سے تھپکی دیتے ہوئے کہتے’’ کوئی بات نہیں،حوصلہ کرو‘‘۔ قریب ہی بیٹھے پاکستانی صحافی بھی ان پر جملے چست کرتے رہے۔ کسی نے آواز لگائی کہ ارضیہ غنڈوں میں پھنس گئی ہے تو بھارتی بریگیڈئر نے جواب دیا’’ہاں آج پھنس گئی ہے‘‘۔ شستہ اردو اور پنجابی میں بات کرنے والے بھارتی ملٹری اتاشی نے بعد ازاں پاکستانی صحافیوں سے ظہرانے پر گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کے والدین کا تعلق لاہور سے ہے۔ ان سے پوچھا گیا کہ جنرل کیانی سے مصافحہ کرتے ہوئے انہیں کیسا محسوس ہوا تو جواب ملا کہ ’’ اس مصافحہ کی خوشبوتادیر یاد رہے گی‘‘۔ ان سے کہا گیا کہ بھارتی سرحد یہاں سے ستر کلومیٹر دور ہو تو کہا کہ یہ بات درست ہے لیکن اس سے آگے نہ جائیں۔ بھارتی ملٹری اتاشی ایچ ٹھکرال بھی پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں میں پیش پیش تھے اور مشقوں کی مسلسل فلم بندی کرتے رہے۔ عزم نو فوجی مشقوں کے اختتام پر قومی نعرے پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے نعروں کے دوران بھارتی سفارتخانے کے ملٹری اتاشی ایچ ٹھکرال بھی پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ ان کی بہت دلچسپ جملوں کا تبادلہ ہوا انہوں نے ان مشقوں کو بہت زبردست قرار دیا اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوںنے بتایا کہ انہیں خاص طور پر ان مشقوں میں مدعو کیا گیا تھا۔ عزم نو چہارم مشقوں کے نکتہ عروج کے موقع پر پاکستان میں متعین امریکہ کے دفاع نمائندے سے بھی طیارہ شکن گن کے ذریعہ ڈرون گرانے کا مظاہرہ دیکھا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے بھی یہ مظاہرہ ملاحظہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندے اور وہاں موجود دیگر مبصرین یہ کہ رہے تھے کہ ڈرون گرانے کی صلاحیت کا مظاہرہ کر کے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستان ڈرون گرا سکتا ہے البتہ سیاسی قیادت کو فیصلہ کرنا ہو گا۔ عزم نو فوجی مشقوں کا آغاز 2010ء میں ہوا اور اس کامقصد مسلح افواج کی مشترکہ جنگی قوت اور صلاحیت کو بہتر بنانا اور ان کے درمیان حالت جنگ میں بہتر تعلقات کار قائم کرنا تھا۔ عزم نو ون اینڈ ٹو فوجی مشقیں منعقد کی گئیں تھیں اس کے بعد عزم نو4 فوجی مشقوں کا آغاز وسط ستمبر میں ہوا تھا۔ پیر کو ان مشقوں میں پاکستان ائر فورس، ائر ڈیفنس، آرٹلری، انفنٹری،آرمڈ ڈویژن اور گن شپ کوبرا ہیلی کاپٹروں میں مشترکہ طور پر دشمن کو نشانہ بنایا ان مشقوںمیں فاکس لینڈ اور بلیو لینڈز دو فوجیں بنائی جاتی ہیں بلیو لینڈ پاکستانی اور فاکس لینڈ دشمن کی افواج کو ظاہر کرتی ہیں ان مشقوں کے دوران گولہ بارود کی فائرنگ کی وجہ سے اٹھنے والا گردوغبار میلوں دور سے دکھائی دے رہا تھا۔ جنرل ہارون اسلم اور جنرل راشد محمود میڈیا کی جانب سے مبارکبادیں وصول کرتے رہے۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی کی آرمی چیف کے عہدے سے ریٹائرمنٹ کے بعد متوقع طور پر آرمی چیف بننے والے جنرل راشد محمود اور جنرل ہارون اسلم ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے ملنے والی مبارکبادوں پر مسکراتے رہے تاہم دونوں جرنیل ایک ہی گاڑی میں روانہ ہوئے اس لئے ان کے درمیان گہری دوستی اور مراسم کی عکاسی ہوتی ہے۔